اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عالمی برادری فلسطین میں دیرپا امن کے لئے سازگار ماحول کو فروغ دینے کے لئے کام کرنے کی ضرورت پر غور کرے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے غزہ کی پٹی، مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی افواج کی طرف سے وحشیانہ بمباری اور تسلط کا ایک سال مکمل ہونے پر شدید مذمت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے پاکستانی عوام کی جانب سے اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی افواج نے پچھلے ایک سال سے ظلم اور بربریت کی انتہا کر دی ہے، عالمی برادری کو فلسطینیوں کی حالت زار پر توجہ دینے اور تنازع کے منصفانہ اور دیرپا حل کے لئے کام کرنے کی فوری ضرورت ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ اسرائیل کی طرف سے فلسطینی اراضی پر ناجائز قبضہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، فلسطینی عوام کی جائز امنگوں کو تسلیم کیا جائے۔