پاکستان بزنس کونسل دبئی کی طرف سے سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان بزنس کونسل دبئی کے زیرِ اہتمام پاکستان کے سفیر برائے متحدہ عرب امارات، فیصل نیاز ترمذی کے اعزاز میں ایک پُروقار الوداعی عشائیہ منعقد کیا گیا جس میں قونصلیٹ سٹاف، کاروباری لوگوں اور پاکستانی کمیونٹی دبئی کے لوگوں نے شرکت کی- تقریب میں پاک،امارات تعلقات کی مزید مضبوطی، دوطرفہ تجارت کے فروغ اور باہمی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
تقریب میں آمد پر پاکستان بزنس کونسل دبئی کے چیئرمین محمد شبیر مرچنٹ نے کونسل کے ڈائریکٹرز کامران احمد ریاض، افتخار علی تتلہ، نور کریم اور سلیم تابانی کے ہمراہ مہمانِ خصوصی سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی کا پُرتپاک استقبال کیا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا، جس کے بعد متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔
تقریب سے چیئرمین پاکستان بزنس کونسل محمد شبیر مرچنٹ،سمیت دیگر مقررین کامران احمد ریاض، عمران فاروق ،محمد سلیم اور فریڈرِیکانے خطاب کرتے ہوئےسفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی کی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا اور یو اے ای میں ان کے سفارتی دور کوپاکستانی کمیونٹی خدمات کےساتھ ساتھ پاک،امارات تعلقات کی تاریخ میں ایک سنہری باب قرار دیا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ تین مرتبہ اماراتی صدر کا پاکستان کا دورہ اور آٹھ مرتبہ پاکستان کے وزرائے اعظم کا متحدہ عرب امارات آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاک،امارات کے درمیان جو تعلقات کا ڈھانچہ قائم ہوچکا ہے، وہ مستقبل میں دوستی اور تجارت کے فروغ کے لیے نہایت خوش آئند اور دور رس نتائج کا حامل ہوگا۔
تقریب میں ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر علی زیب خاں سمیت بزنس کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی جن میں ہیمانی گروپ کے چیئرمین مصطفیٰ ہیمانی، اقبال داؤد، عقیل وکیل، احمد شیخانی، رضوان شیخانی، نعیم مالیہ، ڈاکٹر ظفر طاہر، اعجاز احمد، مخدوم رئیس قریشی، عبدالرشید چغتائی، حارث سعید خاں، محمد راشد اشرف، ڈاکٹر فیصل اکرام، سید آصف زمان، میاں منیر ہانس، حاجی محمد یاسین، انیق عقیل وکیل، انعم بقائی، اور ڈاکٹر نورالصباح شامل تھے۔
تقریب کے دوران چیئرمین پاکستان بزنس کونسل شبیر مرچنٹ اور کونسل کے عہدیداران نے مہمانِ خصوصی سفیر پاکستان کو انکی گراں قدر خدمات پراعزازی شیلڈ پیش کی، جب کہ پاک،امارات دوستی کے استحکام کے جذبے کے ساتھ خصوصی کیک کاٹا گیا۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے فیصل نیاز ترمذی کے لیے نیک تمناؤں کااظہار کیا اور ان کی خدمات کوسراہا-
