سفیرپاکستان فیصل نیاز ترمذی کی امارات میں مدت ملازمت پوری ہونے پر ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب
دبئی (طاہر منیر طاہر) متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی کے اعزاز میں الوداعی استقبالیہ کا اہتمام النواب ریسٹورنٹ شارجہ کے حاجی محمد یاسین، سہیل خاور، جہانزیب یاسین، طلحہ سہیل کی جانب سے سفیر فیصل نیاز ترمذی کے اعزاز میں الوداعی استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں قونصل جنرل حسین محمد، قونصلر علی زیب خان، نعمان اکرم، نبیل راشد، محمد صالح، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی عمران شاہد اور جنید مرتضیٰ سمیت پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ افراد نے شرکت کی۔ سفیر ترمذی کی آمد پر النواب ریسٹورنٹ کی انتظامیہ نے حاجی محمد یاسین، سہیل خاور، جہانزیب یاسین، طلحہ سہیل اور کمیونٹی کے دیگر افراد نے پرتپاک استقبال کیا۔ اپنے استقبالیہ کلمات میں سہیل خاور نے کہا کہ الوداع کرنا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا، خاص طور پر کمیونٹی اور سفارتکاروں کے لیے جو عزت و احترام کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ سفیر ترمذی نے پہلی بار 2007 میں متحدہ عرب امارات میں فرسٹ سیکرٹری اور حال ہی میں بطور سفیر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے سفیرفیصل نیاز ترمذی کی نمایاں خدمات پر روشنی ڈالی، جس میں سفارت خانے میں جدید ترین قونصلر سروسز ہال کا قیام، ادبی اور ثقافتی نمائشوں کا انعقاد، پاکستان بزنس کونسل شارجہ کا قیام، دبئی سے اسکردو کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز، پاکستانی سکولوں کے معیار میں بہتری شامل ہے- سفیرفیصل نیاز ترمذی نے اپنے دور میں ملنے والے پیار اور تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں گزشتہ تین سال ان کے، ان کے خاندان اور ان کی ٹیم کے لیے یادگار تھے - اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ کوئی بھی کامیابی صرف اجتماعی کوششوں، خاص طور پر قونصل جنرل حسین محمد، دیگر افسران اور کمیونٹی کی وجہ سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے جانشین سفیر شفقت علی خان اس سے بھی زیادہ قابل فرد ہیں جو پوری لگن کے ساتھ کمیونٹی کی خدمت کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر سفیرفیصل نیاز ترمذی نے قونصلیٹ کے افسران اور کمیونٹی ممبران کے ساتھ ماسکو میں بطور سفیر اپنی تقرری کی خوشی میں کیک کاٹا۔ النواب ریسٹورنٹ کے ڈائریکٹرز نے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی۔ حاجی محمد یاسین نے الوداعی استقبالیہ میں شرکت کرنے پر سفیر فیصل نیاز ترمذی، قونصلیٹ کے حکام اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
