ایس ایم ایس واٹس ایپ اور کالز کے ذریعے فشنگ حملوں میں اضافہ ، نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نےشہریوں کو خبردار کر دیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایس ایم ایس واٹس ایپ اور کالز کے ذریعے فشنگ حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، جعلی پیغامات اور کالز کے ذریعے شہریوں کی ذاتی معلومات چرائے جانے کا انکشاف ہواہے ، نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے خبردار کیا ہے کہ کسی نامعلوم لنک پر کلک کریں نہ مشکوک پیغامات یا کالز کا جواب دیں ۔
نیشنل سرٹ کے مطابق ہیکرز جعلی پیغامات اور کالز کے ذریعے شہریوں کی ذاتی معلومات چرا رہے ہیں۔ شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اپنے بینک اکاؤنٹ، شناختی کارڈ یا او ٹی پی کوڈ کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ غیر تصدیق شدہ ویب سائٹس اور لنکس کے ذریعے لاگ ان سے گریز کیا جائے ۔ صرف سرکاری چینلز استعمال کریں اور اپنی ذاتی معلومات محفوظ رکھیں ۔
نیشنل سرٹ کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق فشنگ پیغامات میں اکثر انعامات، لاٹری یا بینک الرٹ کا جھانسہ دیا جاتا ہے۔ ایمرجنسی ریسپانس ٹیم نے شہریوں سے احتیاط برتنے اور جعلی نمبروں کو بلاک کرنے کی اپیل کی ہے۔ اگر کسی مشکوک لنک پر کلک ہو جائے تو فوراً پاس ورڈ تبدیل کریں اور متعلقہ ادارے کو اطلاع دیں۔ کسی بھی ادارے کا نمائندہ فون یا ایس ایم ایس پر آپ سے پاس ورڈ یا کوڈ نہیں مانگتا۔ فشنگ حملے ملکی سطح پر بڑھ رہے ہیں ، ان سے بچنے کیلئے ہوشیار رہیں۔
