پنجاب کیلئے 700 جدید ترین ویسٹ مینجمنٹ گاڑیاں اور مشینیں فراہم، سینی ٹیشن فلیٹ کی چابیاں چیف سیکرٹری اور کمشنرز کے سپرد
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن ) ’’سچا ہوا خواب……یہ ہے ستھرا پنجاب‘‘15کروڑ لوگوں کیلئے دنیا کا سب سے بڑا سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروگرام کا آغازکردیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ڈسٹرکٹ کے لئے نیو سینی ٹیشن فلیٹ کا افتتاح کردیا ہے۔پنجاب کے اضلاع کے لئے 700 جدید ترین ویسٹ مینجمنٹ گاڑیاں اور مشینیں فراہم کر دی ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ستھرا پنجاب بک کی رونمائی، ستھرا پنجاب ویب سائٹ کی لانچنگ بھی کی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے سینی ٹیشن فلیٹ کی چابیاں چیف سیکرٹری اور کمشنرز کے سپرد کیں۔وزیراعلی مریم نواز نے سینٹری ورکرز کی جیکٹ پہن کر تقریب میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ کی آمد پر سینٹری ورکرز نے پرجوش خیر مقدم کیا۔وزیراعلیٰ نے ہاتھ ہلا کر سینٹر ورکرز کے نعروں کا جواب دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے فورٹریس سٹیڈیم میں نئی اور جدید ترین مشینری اور سیوریج لائن کی گہرائی سے صفائی کرنے والے ہائی پریشر واٹر سسٹم جیٹنگ مشین کا معائنہ کیا، مٹی وغیرہ سیو ریج سے نکالنے والی سیور سیکشن مشین بھی دیکھی۔نالوں کی گہرائی میں جمی مٹی اور دیگر رکاوٹیں نکالنے والی ڈی سلٹنگ مشین کا مشاہدہ کیا۔نالیوں میں جمے سالڈ ویسٹ کو نکالنے کیلئے ونچنگ مشین بھی دیکھی۔گندگی کی فوری منتقلی کیلئے جدید ترین ٹریکٹر ٹرالی کے بارے میں بھی بتایا گیا۔
تقریب میں ستھرا پنجاب ویژن کے متعلق دستاویزی فلم اور تھیم سانگ بھی پیش کیا گیا۔ستھرا پنجاب ویژن کے سفر سے متعلق داستان گوئی بھی تقریب کا دلچسپی کا مرکزتھی۔
