آسٹریلوی کرکٹر شین واٹسن نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا
سڈنی ( نیٹ نیوز) آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر شین واٹسن نے فٹنس مسائل سے تنگ آکر ٹیسٹ کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کی طرف سے سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام کے مطابق شین واٹسن نے انجری اور دیگر مختلف مسائل کی وجہ سے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ 34 سالہ آل راؤنڈر نے 59 ٹیسٹ میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی، انہوں نے 35 کی اوسط سے چار سنچریوں اور 24 نصف سنچریوں کی مدد سے 3731 رنز سکور کئے اور 75 وکٹیں حاصل کیں۔ دس سالہ کیریئر میں انہوں نے پانچ ایشز سیریز میں شرکت کی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ بہت سوچ سمجھ کر کیا ہے، یہ آسان فیصلہ نہیں تھا مگر وہ سمجھتے ہیں کہ یہ ریٹائرمنٹ کا صحیح وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب میری تمام تر توجہ ون ڈے اور ٹی 20 پر مرکوز ہوگی شین واٹسن نے کہا کہ میں نے جتنی بھی ٹیسٹ کرکٹ کھیلی ہے میں اس سے مطمئن ہوں اور میں نے بہت عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا ہے شائقین کی جانب سے جو محبت ملی ہے اس کو کبھی فراموش نہیں کرسکتا اب اپنی توجہ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کرکٹ پر مرکوز رکھوں گا۔