ہاکی فیڈریشن کو فوری طور پر گرانٹ ملنی چاہیئے،محمد اخلاق

ہاکی فیڈریشن کو فوری طور پر گرانٹ ملنی چاہیئے،محمد اخلاق

لاہور(سپورٹس رپورٹر)اولمپئن محمد اخلاق نے کہا ہے کہ ہاکی کی بہتری کے لئے پی ایچ ایف کے نئے صدر بریگیڈیئر(ر) خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری شہباز سینئر کو کم ازکم دو سال کا وقت او ر فوری طور پر 15سے 20کروڑ روپے کی گرانٹ ملنی چاہئے ۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن دو سے اڑھائی کروڑ روپے کی مقروض ہے اور اسے ہاکی کے معاملات چلانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر گرانٹ اور اسپانسر کی ضرورت ہے ۔ہاکی کے تمام سابق کھلاڑیوں کو ہاکی کے کھیل کی بہتری کے لئے ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا ہوجانا چاہئے اورغیر ضروری تنقید سے گریز کرنا چاہئے ۔ہاکی کی موجودہ انتظامیہ اگر بہتر کام کرتی ہے تو ان کا ساتھ دینا چاہئے اور اگر صحیح کام نہیں کرتی تو پھر ان کا احتساب ہونا چاہئے لیکن کسی بھی ادارے کی مینجمنٹ کے کیئے گئے اقدامات کے نتائج سامنے آنے کے لئے کم از کم دو سال ضروری ہوتے ہیں ۔محمد اخلاق احمد نے بتایا کہ شیخوپورہ ہاکی سٹیڈیم اور آسٹر و ٹرف کی تعمیر کے لئے 2008میں بھاری فنڈز منظور کروائے تھے اوراس پر کام شروع کر وایا دیا گیا تھا لیکن سابق وفاقی سیکرٹری سپورٹس اشرف خان کی ریٹائرمنٹ کے بعد سٹیڈیم کی تعمیر اور آسٹرو ٹرف کی تنصیب کے کام کو ادھورا چھوڑ دیا گیا اور 8سال گزرنے کے باوجود اس کو مکمل نہیں کیا جاسکا جس کی وجہ سے سٹیڈیم کی تعمیر پر خرچ کیئے جانے والی بھاری رقم ضائع ہورہی ہے ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...