رونی نے سربوبی چارلٹن کا زیادہ گولز کا ریکارڈ برابر کر دیا
لندن( نیٹ نیوز) انگلش فٹ بالر ویان رونی نے سربوبی چارلٹن کا ملک کی طرف سے انٹرنیشنل فٹ بال میچز میں زیادہ گولز کا ریکارڈ برابر کر دیا۔ رونی نے یورو 2016ء کوالیفائر میں سان مرینو کے خلاف میچ میں یہ کارنامہ انجام دیا، دونوں پلیئرز نے 49، 49 گول سکور کر رکھے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سان مرینو کے خلاف کھیلے گئے میچ کیلئے رونی جب میدان میں اترے تو انہیں ہم وطن پلیئر چارلٹن کے زیادہ گولز کا ریکارڈ برابر کرنے کیلئے ایک گول کی ضرورت تھی، انہوں نے میچ میں ایک گول کیا اور اس کے ساتھ ہی وہ چارلٹن کے ہم پلہ ہو گئے۔ ویان رونی نے اپنے بیان میں کہا کہ سربوبی چارلٹن کے زیادہ گولز کا ریکارڈ برابر کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، یہ میرے لئے بہت یادگار لمحہ ہے اور مجھے اس پر فخر ہے، اب تمام تر توجہ ملکی ریکارڈ پر مرکوز ہے اور آئندہ شیڈول میچ میں اس سنگ میل کو عبور کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔