جنوبی افریقن کرکٹ ٹیم رواں ماہ بھارت کا دورہ کریگی
جوہانسبرگ ( نیٹ نیوز) جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم رواں ماہ کے آخر میں بھارت جائے گی اور وہ 72 روزہ طویل دورے کے دوران میزبان ٹیم سے تین ٹی 20 انٹرنیشنل، پانچ ون ڈے اور چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ کرکٹ جنوبی افریقہ کے مطابق یہ بھارت کے ساتھ سب سے طویل ترین سیریز ہوگی۔ دونوں ممالک کے درمیان سیریز کا آغاز 29 ستمبر کو ٹور میچ سے ہو گا جب کہ سیریز کا باقاعدہ آغاز 2 اکتوبر کو تین ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ سے ہوگا۔ دوسرا ٹی 20انٹرنیشنل 5 اکتوبر جبکہ تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ 8 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 11 اکتوبر کو کانپور میں کھیلا جائے گا، دوسرا ون ڈے 14 اکتوبر، تیسرا 18 اکتوبر، چوتھا 22 اکتوبر جبکہ پانچواں اور آخری ون ڈے 25 اکتوبر کو ممبئی میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 5 نومبر سے ہو گا۔ دوسرا ٹیسٹ 14 سے 18 نومبر، تیسرا 25 سے 29 نومبر جبکہ چوتھا اور آخری ٹیسٹ 3 سے 7 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔