قوم کا بچہ بچہ دفاع پاکستان کیلئے قربانی کے جذبے سے سرشار ہے، حافظ عبدالغفا ر روپڑی
لاہور(خبر نگار خصوصی)قوم کا بچہ بچہ دفاع پاکستان کیلئے تن ، من دھن قربان کرنے کے جذبے سے سرشار ہے۔ وطن عزیز کی طرف دیکھنے والی ہر میلی آنکھ کو نکال دیا جائیگا۔ غیرت مند قوم کو للکارنے والے کسی زعم کا شکار نہ رہیں۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفا ر روپڑی نے گذشتہ روز دفاع پاکستان کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کی دھمکی دینے والے 6ستمبر 1965ء کے دن سے سبق سیکھیں۔ بزدل اور مکار بھارتی حکومت غیر اخلاقی کارروائیوں اور اوچھے ہتھکنڈے اپنانے سے باز رہے۔ انہوں نے کہا کہ تابناک ماضی ہمارا اعجاز ہے جسے مشعل راہ بنا کر ہم اپنا حال اور مستقبل مزید بہتر بنا سکتے ہیں۔ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ملک کی سلامتی اور تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں اس کے ساتھ ساتھ پوری قوم دفاع وطن کیلئے سیسہ پلائی دیوار کی طرح سرحدوں پر مامور شاہینوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔بھارت اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے خوامخواہ کی جنگ ٹھونس رہا ہے۔ تعصبانہ شخصیت کے مالک بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے پاکستان کی سلامتی و استحکام کیخلاف جذبات و بیانات بھی کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔ مگر یہ بات ذہن نشین ہونی چاہیے کہ یہ جنگ ایٹمی جنگ ہو سکتی ہے جو نہ صرف اس خطے کیلئے بلکہ پوری دنیا کے امن و سکون کی بربادی کا باعث ہو سکتی ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہوئے خطے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے کوششیں کیں مگر اسلام و پاکستان دشمن بھارتی حکومت شرپسندی کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی تنظیمیں بھارت کی غنڈہ گردی کا فوری نوٹس لیں۔ اس موقع پر جماعت کے ترجمان مولانا شکیل الرحمن ناصر، مولانا عبدالوہاب روپڑی، مولانا شاہد جانباز، سلمان عادل ، مولانا عبدالوحید شاہد، مولانا عبدالوحید روپڑی و دیگر رہنماؤں نے بھی اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر وطن عزیز کی سلامتی اور تحفظ کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔