مسلم لیگ بلدیاتی انتخابات میں بھر پور طریقہ سے حصہ لے گی،بلال شیرازی

مسلم لیگ بلدیاتی انتخابات میں بھر پور طریقہ سے حصہ لے گی،بلال شیرازی

لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما و مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ بلدیاتی انتخابات میں بھر پور طریقہ سے حصہ لے گی اور کسی بھی جگہ میدان خالی نہیں چھوڑا جائے گا،انہوں نے کہا کہ ملک میں نوجوانوں کی اکثریت ہے اور نوجوانوں کا ووٹ فیصلہ کن کردار ادا کرے گا۔ اس سلسلہ میں انہوں نے مسلم لیگ یوتھ صوبائی اور ضلعی عہدیداران کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ یوتھ ونگ کے نوجوان بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگی امیدواروں کو کامیاب کروانے کیلئے سرگرم عمل ہوں اور مسلم لیگی قائدین چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الہٰی کی ہدایت پر یوتھ ونگ کے عہدیداران وکارکن متحرک ہوں اور بلدیاتی انتخابات میں اپنا اہم کردار اداکرتے ہوئے مسلم لیگی امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کو بجلی، گیس کی لوڈ شیڈنگ،مہنگی بجلی و گیس، مہنگائی ، بے روزگاری اور امن و امان کی خراب صورتحال کے سوا کچھ نہیں دیا ۔ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ رائے عامہ کو اپنے حق میں ہموار کیا جائے عوام موجودہ حکمرانوں سے نجات کے لیے نجات دہندہ کی تلاش میں ہیں انہیں صرف ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات فوج کی زیر نگرانی منعقد کروائے جائیں کیونکہ موجودہ الیکشن کمیشن اور اس کے اراکین پر عام انتخابات میں بدترین دھاندلی اور الیکشن ٹرائبیونل کے فیصلوں کے بعد عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے، جنرل الیکشن میں دھاندلی کے بعد موجودہ الیکشن کمیشن کی زیر نگرانی صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد ناممکن ہے ۔کیونکہ تین حلقوں کے فیصلوں کے بعد دھاندلی کے ہوشرباثبوت سامنے آئیں ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...