انجمن بہبودی مریضاں لاہور جنرل ہسپتال کے انتخابات،پروفیسر خالد صدر منتخب

انجمن بہبودی مریضاں لاہور جنرل ہسپتال کے انتخابات،پروفیسر خالد صدر منتخب

لاہور(جنرل رپورٹر)انجمن بہبودی مریضاں لاہور جنرل ہسپتال کے انتخابات مکمل ، آئندہ تین سال کے لئے پروفیسر آف نیوروسرجری ڈاکٹر خالد محمود کی سربراہی میں پندرہ رکنی کمیٹی کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے ۔ پی جی ایم آئی میں ہونے والے انتخابات میں پاکستان میں پہلی مرتبہ ڈی بی ایس طریقہ علاج متعارف کرانے والے پروفیسر خالد محمود کو صدر ، شمیم احمد ملک کو نائب صدر اول اور محمد اسلم ملک کو نائب صدر دوم کے طور پر منتخب کر لیا گیااور علیم ملک سیکرٹری فنانس ، مسز سائرہ رحمن جنرل سیکرٹری ، مسز راحت شوکت جائنٹ سیکرٹری اور خالد محمود سیکرٹری اطلاعات ہوں گے جبکہ ایگزیکٹو ممبران میں شیخ حبیب اللہ، شفقت الہی ملک ، مسز شہلا جاوید، مسز تبسم نذیر، مسٹر خالد کیفا، حاجی ثنا اللہ، چوہدری نذیر نت اور نوید اسحاق شامل ہیں ۔اے بی ایم کے نو منتخب صدر پروفیسر خالد محمود نے اپنے اور دیگر عہدیداروں کے انتخاب پر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پہلے سے زیادہ توجہ ، لگن اور خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار ہو کر دکھی انسانیت کی خدمت کریں گے اور جو ان پر اعتماد کیا گیا ہے وہ اس پر پورا اتریں گے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ مریضوں کو بروقت امراض کی تشخیص کے علاوہ بہترین نگہداشت اور علاج معالجہ کی تمام سہولیات فراہم کرنا ان کے عہدے کی ذمہ داریاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نیک نیتی سے کام کیا جائے تو نہ صرف دنیا بلکہ آخرت بھی سنواری جا سکتی ہے ۔ ہسپتال آنے والے مریض ہماری ذمہ داری ہیں اور ہم اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی عہدہ برآ ہونے کی اہلیت رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مستحق مریضوں کے لئے ہسپتال میں پہلے سے کہیں زیادہ بہترین انتظامات موجود ہیں اور ان میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید بہتری لائی جائے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...