یوم دفاع کا دن قومی وحدت ، یکجہتی اور قربانیوں کی زندہ مثال ہے،عابد صدیقی
لاہور(خبر نگار خصوصی) پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ یوم دفاع کا دن قومی وحدت ، یکجہتی اور قربانیوں کی زندہ مثال ہے۔ پاکستان آج بھی ایک نازک ، مشکل ترین صورتحال سے گزررہاہے۔ پاکستان کی دشمن طاقتیں ارض پاک کی سا لمیت پر حملہ آور ہیں ملک میں سیاسی ، صوبائی اور فرقہ واریت کی آگ بھڑکائی جارہی ہے۔ آج ہر محاذ پر اعتماد کا بحران ختم کرنا ہوگا۔ پاک فوج نے1965ء میں دشمن افواج کو ایسا سبق سکھایا کہ اس کی کئی نسلیں اسے یاد رکھیں گی۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بے اعتمادی اور غیر ذمہ دارانہ رویے قومی دفاع کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔ پوری قوم مادر وطن کی حفاظت اور دفاعی خطرات سے نمٹنے کے لیے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے۔ اس وقت ہماری فوج دہشت گردی کے خلاف انتہائی مشکل جنگ لڑ رہی ہے۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اختلافات کو فراموش کرتے ہوئے ملکی سلامتی، استحکام اور امن کے لئے پاکستان کے پرچم تلے جمع ہو جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہدائے ستمبر کی قربانیاں کبھی بھلائی نہیں جا سکتیں۔