زندہ اقوام اپنی فتح وکامیابی کا جشن بھرپورطریقے سے مناتی ہیں،پروفیسراکرم

زندہ اقوام اپنی فتح وکامیابی کا جشن بھرپورطریقے سے مناتی ہیں،پروفیسراکرم

لاہور(خبر نگار)وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر محمدا کرم چودھری نے کہا ہے کہ زندہ اقوام اپنی فتح وکامیابی کا جشن بھرپورطریقے سے مناتی ہیں۔ آج پاکستانی قوم جاگ اٹھی ہے اور کسی بھی دشمن کو اتنی جرات نہیں کہ وہ مملکتِ خداد پاکستان کو نقصان پہنچائے۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام یومِ دفاع پاکستان کے سلسلہ میں منعقدہ خصوصی واک سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمدا کرم چودھری نے کہا کہ پاکستانی قوم کو جب بھی دشمن نے للکارا ہے اس کا ہر فرد نہ صرف سیسہ پلائی دیوار بن گیا بلکہ دشمن کو منہ توڑ جواب بھی دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج دشمن ایک بار پھر پاکستان کے خلاف کا رروائیاں کر رہا ہے ۔

لیکن ہمیشہ کی طرح وہ اپنے مقاصد میں ناکام ہی رہے گا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمداکرم چودھری نے مزید کہا کہ 1965ء کی جنگ میں جس طرح پاکستانی افواج نے بھارت کو شکست فاش دی تھی وہ تاریخ کا حصہ بن چکی ہے اور قومی ہیرو ایم ایم عالم نے دشمن کے سات جہاز تباہ کرکے نہ صرف عالمی ریکارڈ بنایابلکہ یہ بھی ثابت کر دیا تھا کہ پاکستانی اپنی جرات ، ہمت اور بہادری کے حوالے سے دنیا کی سب سے عظیم قوم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یومِ دفاع کو آج 50سال مکمل ہو چکے ہیں اور ان برسوں میں ہلال استقلال کے حامل شاہینوں کے شہر سرگودھا کا نام بھی یاد رکھا جائے گا۔ اس موقع پر رجسٹرار یونیورسٹی مدثرکامران نے تمام شرکائے واک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے جذبے کو بے حد سراہا۔ واک کے اختتام پر شعبہ اسلامیات کے پروفیسر فضلِ حق نے ملکی سلامتی اور ترقی کے لئے دُعا کرائی۔

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...