قوم نے یوم دفاع شایان شان طریقے سے منا کر ثابت کر دیا و وہ متحد ہے،علی اکبر

قوم نے یوم دفاع شایان شان طریقے سے منا کر ثابت کر دیا و وہ متحد ہے،علی اکبر

لاہور(جنرل رپورٹر)مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ قوم نے یوم دفاع شایان شان طریقے سے منا کر ثابت کر دیا کہ وہ متحد ہے اور اپنی مسلح افواج کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنی زمینی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتی ہوں دشمن جتنا بھی طاقتور کیوں نہ ہو ان کا بال بیکا بھی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر کو جس طرح پاکستان کے طول و عرض میں عوام نے بڑے پیمانے پر جلسے اور ریلیاں منعقد کر کے جنگ ستمبر کے ہیروز کو خراج تحسین اور شہدا کو سلام پیش کیا اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ یہی جوش و جذبہ اس بار چودہ اگست کو یوم آزادی پر بھی دیکھنے کو ملا تھا کہ جب کراچی سے خیبر تک سبز ہلالی پرچموں کی بہار آ گئی تھی اور لوگوں نے اپنے سارے اختلافات بھلا کر جس طرح اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کیا وہ بھی اپنی مثال آپ تھا۔

۔ علی اکبر گجر نے کہا کہ قومی جذبوں کے اس ولولے کے ساتھ اظہار کا سہرا موجودہ سیاسی اور عسکری قیادت کے سر بندھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنی دانشمندی، دلیری اور حکمت عملی سے پاکستان کے چاروں صوبوں کے عوام کو ایک لڑی میں پرو دیا ہے اور وہ تمام داخلی اور خارجی مسائل سے نبرد آزما ہونے کے لئیے یک مشت ہو گئے ہیں جو قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم جاگ اٹھی ہے اور اب ملک میں ایک ایسے سنہری دور کا آغاز ہو گا جس کا خواب بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے ہمیں دکھایا تھا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...