ترقی پذیر ممالک کرنسی کی قدر میں کمی سے گریز کریں

ترقی پذیر ممالک کرنسی کی قدر میں کمی سے گریز کریں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 واشنگٹن(این این آئی)گروپ آف 20 کے سرکردہ معیشتوں کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے سربراہان کا کہنا ہے کہ عالمی شرح افزائش توقع سے کم رہی ہے،ترقی پذیر ممالک اپنی کرنسی کی قدر میں کمی سے گریز کریں،جی 20 ممالک ہر قسم کی مصنوعی مراعات دینے سے گریز کریں گے۔ترکی کے دارالحکومت، انقرہ میں منعقدہ دو روزہ سربراہ اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اختتامی اعلامیے میں، دنیا کے 20 ملکوں کے چوٹی کے مالیات سے متعلق اہل کاروں نے ہفتے کے روز اِس بات کا وعدہ کیا کہ معاشی بحالی کو تیز کرنے کے لیے ’فیصلہ کْن اقدام‘ کیا جائے گا۔اْنھوں نے اِس بات کا بھی عہد کیا کہ مسابقتی عمل کی بنا پر سکے کی قدر میں کمی سے احتراز کیا جائے گا، جو دراصل چین کی طرف سے کرنسی کی قدر میں کیے جانے والے حالیہ اقدامات کی جانب ایک اشارہ تھا؛ اور ترقی پذیر ملکوں کے لیے ایک انتباہ کہ اپنے سکے کو تحفظ دینے کی خاطر وہ اِسی قسم کے اقدام سے گریز کریں۔کئی ہفتوں سے عالمی مالی منڈیوں میں سخت مندے کی صورت حال ہے، جس کا سبب چین کی معیشت میں سست روی پر تشویش اور گذشتہ ماہ چین کی طرف سے یوئان کے سکے کی قدر میں یکایک کئی بار کی کٹوتیوں کا اقدام ہے۔ چونکہ سکے کی قدر میں کمی سے کسی بھی ملک کی برآمدات کی قیمتیں مؤثر طور پر گرجاتی ہیں، اس لیے خدشہ اس بات کا ہے کہ چین کی جانب سے کرنسی کی قدر میں کمی کے بعد اب دوسرے ملک بھی ایسا ہی اقدام کرنے پر مجبور ہوں گے۔ چین کے اقدام کے نتیجے میں پہلے ہی متعدد چھوٹے ملکوں کے سکے کی قدر میں کمی کے آثار ہیں۔ جی 20 نے یہ عہد کیا ہے کہ وہ ہر قسم کی مصنوعی مراعات دینے سے گریز کریں گے۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ انقرہ میں نمائندگی کرنے والا امریکی وفد، جس کی قیادت وزیر خزانہ جیکب لیو کر رہے ہیں، سربراہ اجلاس کے دوران، تقریب کے احاطے سے باہر، اپنے چینی ہم منصبوں سے ملاقات کی۔امریکی وفد کا کہنا ہے کہ چین کے لیے ناگزیر ہے کہ وہ اس بات کی وضاحت کرے کہ مالیاتی منڈیوں پر مرتب ہونے والے اثرات کو مد نظر رکھتے ہوئے، چین یوئان کو مصنوعی طور پر ’نیچے، اوپر‘ آنے کے عمل کو نہیں روکے گا۔

مزید :

کامرس -