بحرین ،مولاناظفرعلی خاں کی سوانح حیات پر بنائی گئی دستاویزی فلم اور کتابوں کی نمائش

بحرین ،مولاناظفرعلی خاں کی سوانح حیات پر بنائی گئی دستاویزی فلم اور کتابوں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خصوصی رپورٹ)بحرین میں سفیرِ پاکستان محمد سعید خان نے مولاناظفرعلی خاں پر تیار کی گئی دستاویزی فلم ’’ظفرالملت‘ ‘اور ٹرسٹ کی کتابوں کی نمائش کے موقع پربڑی تعداد میں تارکین وطن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولاناظفرعلی خاں مسلم امہ کا دردِ دل رکھنے والے برصغیر کے ممتاز سیاسی ، قومی اور ادبی بزرگ تھے۔ان کی گراں قدر خدمات کا اعتراف جہاں جہاں پاکستانی اور مسلمان موجود ہیں ان میں ہوتا رہتا ہے۔ اس لیے ان کا ذکر اور ان کی خدمات کا اعتراف اورنئی نسل سے تعارف وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں چیئر مین ٹرسٹ خالد محمود اور خازن مجیب الرحمن شامی کی دلچسپی ڈاکو منٹری فلم’ ظفر الملت ‘کی کامیاب پروڈکشن کی اہم وجہ ہے۔ بحرین میں مولاناظفرعلی خاں ٹرسٹ کی جانب سے منعقد کی گئی کتابوں کی نمائش او ردستاویزی فلم کی نمائش یہاں پر بسنے والے پاکستانیوں کو مولاناظفرعلی خاں کے بارے میں وافر معلومات فراہم کرنے کا ذریعہ ثابت ہوگی۔ پاکستان ہائی کمیشن کو یہ فخر حاصل ہے کہ اس نے اس دستاویزی فلم کی نمائش کے سلسلے میں اپنا ذمہ دارانہ کردار بطریق احسن انجام دیا۔ ٹرسٹ کے خازن ، ممتاز صحافی اور تجزیہ نگار مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ ایک نشست میں مولاناظفرعلی خاں کی تما م خوبیوں کو بیان کرنا ممکن نہیں ہے۔ تاہم قائد اعظم محمد علی جناح کا یہ بیان تاریخی اہمیت کا حامل ہے کہ مولاناظفرعلی خاں جیسے دوچارافراد اگر مجھے مل جائیں تو حصولِ پاکستان کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔اس ضمن میں تحریک پاکستان کے حوالے سے مولاناظفرعلی خاں کی خدمات اور ان کا پیغام ہم سب کے لیے باعث تقلید اور موجب فخر ہے۔ بحرین میں قومی موضوعات اور مولانا ظفر علی خاں کی شخصیت اور حیات پر بننے والی اس دستاویزی فلم کی نمائش میں تارکین وطن کی دلچسپی اور تعداددیکھ کر بے حد اطمینان ہوا ہے۔ مولاناظفرعلی خاں ٹرسٹ کے سیکرٹری راجہ اسدعلی خاں نے اس موقع پر کہا کہ حصول پاکستان اور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے جو بہترین خدمات مولاناظفرعلی خاں نے سرانجام دیں وہ اپنی نوعیت اور اہمیت کے نقطہ نگاہ سے منفرد ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مولاناظفرعلی خاں کے قد اور حیثیت کے مطابق ان کے کارناموں کا اعتراف کیا جائے اور بالخصوص ان کی خدمات اور قربانیوں سے نوجوان نسل کو متعارف کروایا جائے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض مرتضی برلاس نے سرانجام دےئے۔ دریں اثناء ٹرسٹ کے دو رکنی وفد کے اعزاز میں پاکستان کلب ،الثقافہ کلب سعد اصغر علی اور فیصل بیگ نے کئی تقریبات کا اہتمام کیا۔ دستاویزی فلم اور مولاناظفرعلی خاں ٹرسٹ کی کتابوں کو متعدد مقامی ممتاز پاکستانی شخصیتوں اور دیگر مسلمانوں نے بڑی چاہت کے ساتھ دیکھا اور سراہا۔

مزید :

صفحہ آخر -