جنگ ستمبر میں پاک فوج کی کارکردگی انتہائی ،بہترین تھی ،بھارتی جرنیل کا اعتراف

جنگ ستمبر میں پاک فوج کی کارکردگی انتہائی ،بہترین تھی ،بھارتی جرنیل کا ...

لاہور (آئی این پی) جنگ ستمبر میں پاک فوج نے جرات و بہادری کی وہ مثالیں قائم کیں جن کا اعتراف دشمن کے جرنیلوں نے بھی کیا۔ تفصیلات کے مطابق جنرل ہربخش سنگھ نے پاک فوج کے آرٹلری ڈویژن کو اس کا فیصلہ کن ہتھیار قرار دے کر خراج تحسین پیش کیا۔جنرل ہربخش سنگھ نے اپنی کتاب ’’وار ڈسپیچز‘‘ میں لکھا کہ پاک فوج نے آرٹلری ڈویژن کو تباہ کن طریقے سے استعمال کیا۔ پاک فوج کا ہر آپریشن وہ گشت ہو یا اچانک حملہ ہر ایک کو آرٹلری ڈویژن کی مدد حاصل تھی۔پاکستان نے زمانہ امن میں گن ایریاز کو انتہائی تفصیل سے پلان کر رکھا تھا۔ نہ صرف علاقہ کا سروے کیا گیا تھا بلکہ کئی گن پوزیشنوں سے ٹارگٹ ریکارڈ بھی تیار کیا گیا تھا۔ پاک فوج کی جوابی بمباری کی صلاحیت بھی بالکل درست اور بہترین تھی۔پاک فوج کے پاس گنوں اور مارٹرز کی لوکیشن جانچنے کے لئے ریڈار ڈیوائسز بھی تھیں۔ پاک فوج کے ٹینک ہنٹنگ دستوں نے بھارتی فوج کے کئی ٹینکوں کو تباہ کیا۔ جنرل ہربخش سنگھ نے آزاد کشمیر کی فوج جو اب باقاعدہ پاک فوج کا حصہ ہے اور آزاد کشمیر رجمنٹ کہلاتی ہے کی جرات و بہادری کا بھی اعتراف کیا۔جنرل ہربخش سنگھ کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کی فوج ریگولر فوج سے بھی زیادہ پرعزم تھی اور اس کی کارکردگی پہاڑوں میں انتہائی بہترین تھی۔ وہ تیزی سے حملہ آور ہوتے تھے، آسانی سے اپنی پوزیشن نہیں چھوڑتے تھے، دراندازی میں کمال مہارت رکھتے تھے۔

مزید : صفحہ اول


loading...