بھارت ہم سے جنگ نہیں لڑ سکتا ،پاک فوج کے سامنے بے بس ہے ،پرویز مشرف
کراچی(آئی این پی)آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان دنیا کی بہترین فوج اوردفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے،بھارت ہم سے جنگ نہیں کرنا چاہتا وہ ہماری فوج کے سامنے بے بس ہے ،ہماری سیاسی قیادت کو زیادہ متحرک کردار ادا کر کے بھارت سے بات کرنی ہو گی اور اسکی جارحیت کا معاملہ عالمی فورم پر اٹھانا چاہیے۔اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل کو دےئے گئے انٹرویو میں پرویز مشرف نے کہاکہ اس وقت ہماری افواج دنیا کی بہترین افواج میں سے ایک ہے ‘ یورپ میں پاکستان کے ایس ایس جی کمانڈوز نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے کہاکہ میرا خیال ہے کہ انڈیا ہم سے جنگ نہیں کرنا چاہتا ‘ بھارتی فوج ہماری فوج کے آگے بے بس ہے ‘ پاک افواج پاکستان کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے جس نے چونڈہ کی جنگ میں حصہ لیا۔ ہم بڈیانہ گاؤں کے اندر اور دشمن چونڈہ کی طرف سے آئے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم چھانگا مانگا سے شروع ہو کر کھیم کرن کے محاذ تک گئے۔ کھیم کرن کی گلیوں میں گھومتا رہا جنگ کے دوران 6 گولے ہماری طرف آ کر گرے۔ حوالداراکرام نے میرے ہاتھوں میں دم توڑا۔ انہوں نے کہاکہ میں نے 2 سال ایسٹ پاکستان میں بھی گزارے ہیں۔ 65ء کی جنگ میں عوام نے ہمارا بہت ساتھ دیا۔بھارت والے مجھے مین آف وار کہتے ہیں ،یورپ میں پاکستان کے ایس ایس جی کمانڈوز نے پہلی پوزیشن حاصل کی اور ضرب عضب میں سب سے زیادہ ہمارے جوان اور افسر شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کو لیڈ کرنے والے اچھے لیڈر ہوں تو فوج کبھی نہیں ہار سکتی۔