شہباز شریف کی فور کور کے زیر اہتمام یاد گار شہداء پر منعقد ہ خصوصی تقریب میں شرکت

شہباز شریف کی فور کور کے زیر اہتمام یاد گار شہداء پر منعقد ہ خصوصی تقریب میں ...

لاہور(پ ر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے فور کور کے زیر اہتمام یوم دفاع کے موقع پر کینٹ میں یادگار شہداء پر خصوصی تقریب میں شرکت کی۔کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان ، اعلیٰ سول و ملٹری آفیسرز، فوجی جوان، سابق جنرلز ، شہداء کے لواحقین، چیف سیکرٹری پنجاب، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات بھی تقریب میں موجود تھیں۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان نے شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلیٰ اور کور کمانڈر نے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف اور کورکمانڈ ر لاہور ملی نغمہ پیش کرنے والے آرمی پبلک سکول کے بچوں کے پاس گئے اور ان سے شفقت کا اظہار کیا۔ کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان نے تقریب سے خطاب کیا اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا تقریب میں شرکت پر خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور تقریب میں موجود دیگر حاضرین آرمی پبلک سکول پشاور پر دہشت گردوں کے حملے کے حوالے سے دکھائی گئی ڈاکومنٹری پر آبدیدہ ہو گئے اور انہوں نے بچوں کی عظیم قربانیوں پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب کے دوران وزیرداخلہ پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ شہید کی عظیم قربانی کو بھی زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹر کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کا منصوبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے جس پر اربوں روپے لاگت آئے گی اور یہاں غریب، نادار اور مستحق مریضوں کا سو فیصد مفت علاج ہوگا۔ انہو ں نے کہا کہ گردے و جگر کے امراض کے جدید علاج کے حوالے سے یہ ادارہ خطے میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہوگا اور اس منصوبے کی تکمیل سے گردے اور جگر کے مریضوں کو جدید ترین طبی سہولتیں ایک چھت تلے میسر آئیں گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ نہایت اہمیت کے حامل اس منصوبے پر دن رات کام کیا جائے اور تیز رفتاری سے تعمیراتی کام کو مکمل کیا جائے اور اس ضمن میں تمام متعلقہ ادارے اور محکمے مربوط انداز میں منصوبے کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میڈیکل سائنس، کلینیکل ریسرچ اور طبی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے ایک عظیم شاہکار ہوگا اور اس ادارے کا شمار دنیا کے اعلیٰ ترین معیار کے اداروں کے عین مطابق ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور اسی مقصد کے پیش نظر لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے اور اس کی جلد از جلد تکمیل کیلئے ہرممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، سیکرٹری صحت، ایم ڈی نیسپاک، پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف گورنر کے صدر ڈاکٹر سعید اختر اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزید : صفحہ اول


loading...