دشمن ہمیں فتح نہیں کر سکا تو دہشتگردی سے نقصان پہنچانے کی کوشش کی ،پرویز رشید
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ 6ستمبر بھارت کے لئے یوم جارحیت اور ہمارے لئے یوم دفاع ہے جس میں ہمیں کامیابی حاصل ہوئی‘ ہمارا دشمن ہمیں فتح نہیں کرسکا تو دہشت گردی سے نقصان پہنچانے کی کوشش کی ‘ ہمیں پاکستان کو خوشحال بنا کر شہیدوں اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ وہ اتوار کو یوم دفاع کے موقع پر پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 6ستمبر 1965ء کے دن پاک فوج کے ساتھ ساتھ عوام نے بھی بھرپور شرکت کی۔ چھ ستمبر بھارت کے لئے یوم جارحیت اور ہمارے لئے یوم دفاع ہے۔ بھارت اس دن بری طرح ناکام ہوا ہم جیتے۔ ہر فرد نے دفاع پاکستان میں اپنا کردار ادا کیا تحریر اور آواز کے ذریعے پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پاکستان نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ 1965ء کی جنگ کے بعد بھارت نے پاکستان کی معیشت کو بھی نقصان پہنچایا ہمارے دشمن نے ہمیں فتح نہیں کیا بلکہ دہشت گردی سے نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہمیں پاکستان کو خوشحال بنا کر شہیدوں اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے