بھارت حماقتوں سے باز نہ آیا تو اسے بد ترین شکست دیں گے ،سراج الحق

بھارت حماقتوں سے باز نہ آیا تو اسے بد ترین شکست دیں گے ،سراج الحق

لاہور(این این آئی )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ بھارت اپنی حماقتوں سے باز نہ آیاتو اسے بدترین شکست سے دوچار ہونا پڑے گا ، پاکستان آج 65 ء کے مقابلے میں زیادہ مضبوط اور طاقتور ہے ، موجودہ اور سابقہ حکمران ایک ہیں اور ایک ہی رہیں گے ، ان حکمرانوں کو ملکی آزادی اور خود مختاری سے نہیں اپنے اقتدار سے غرض ہے ، یہی لوگ ملک و قوم کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے قرضوں کے جال میں پھنسانے کے مجرم ہیں، ہندوستان کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہیں مگر حکمران اس کو پسندیدہ نیشن قرار دیتے ہیں ، ان کی کرپشن نے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیاہے، پاکستان کے تحفظ اور آزادی کو برقرار رکھنے کے لیے مجاہد قیادت کی ضرورت ہے جو محمد بن قاسم اور محمود غزنوی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہندوستان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرسکے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے وحدت روڈ گراؤنڈ میں ہونے والی عزم نو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سراج الحق نے کہاکہ کرپشن کے ناسور سے چھٹکارے اور بدامنی سے نجات کا واحد ذریعہ خوف خدا رکھنے والی قیادت کا انتخاب ہے ۔ عوام مداریوں اور شکاریوں کے چکر سے نکلیں اور اسلام اور پاکستان سے محبت کرنے والی قیادت کا ساتھ دیں ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی عوام کی گردنوں کو ان ظالموں کے شکنجے سے آزاد کرانے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری لڑائی قومیت ، وطنیت یا کسی تعصب کے لیے نہیں بلکہ ہم عام آدمی کے حقوق کے تحفظ کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔

مزید : صفحہ اول


loading...