چیف سیکرٹری سندھ کی زیر صدارت اجلاس ‘بلدیاتی انتخابات فوج اور پولیس کی زیر نگرانی کرانے کا فیصلہ
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)چیف سیکرٹری سندھ کی زیر صدارت بلدیاتی الیکشن سے متعلق اجلاس ہوا جس میں بلدیاتی انتخابات فوج اور پولیس کی زیر نگرانی کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،رضا کاروں کو الیکشن کی نگرانی کرنیکی اجازت نہیں ہو گی، سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے لئے تین مراحل طے کئے گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق سیکرٹری بلدیات اور صوبائی الیکشن کمیشن کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔اس موقع پر چیف سیکرٹری نے کہا کہ محکمہ تعلیم فوری طور پر فوکل پرسن نامزد کرے اورمحکمہ بلدیات میں کنٹرول روم قائم کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ڈویثرنل کمشنرزورڈی آئی جیز الیکشن کمیشن سے بھر پور تعاون کرینگے جبکہ صوبائی الیکشن کمشنر نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں سکھر اور لاڑکانہ ڈویثرن میں انتخابات ہونگے ،دوسرے مرحلے میں میر پور خاص اور حیدر آباد میں انتخابات ہونگے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عملے کی تربیت مرحلہ وار کی جائے گی ۔