سیف سٹی پراجیکٹ سکیورٹی کے معاملات کو مزید بہتر کرے گا :طیب حفیظ چیمہ

سیف سٹی پراجیکٹ سکیورٹی کے معاملات کو مزید بہتر کرے گا :طیب حفیظ چیمہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کامرس رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر لاہور طیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ سیف سٹی پراجیکٹ نہ صرف سکیورٹی کے معاملات کو مزید بہتر کرے گا بلکہ اس سے ٹریفک کے قواعد و ضوابط کی خلافورزی پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس کا اہتمام سٹینڈنگ کمیٹی برائے انٹرنل ٹریڈ افیئرز نے کیا تھا۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر ناصر سعید، سٹینڈنگ کمیٹی کے کنوینر مجاہد مقصود بٹ، میاں عبدالرزاق، زاہد مقصود بٹ، خامس سعید بٹ اور عبدالرزاق ببر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ سی ٹی او لاہور نے کہا کہ پنجاب سیف سٹی پراجیکٹ اگلے ماہ سے لانچ ہوگا، کنٹرول اینڈ کمانڈ سنٹر کے ذریعے چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس تاجروں کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس حکام مارکیٹوں کا ہفتہ وار دورہ کیا کریں گے ۔ انہوں نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ ٹریفک پولیس شہر میں ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لیے بھرپور محنت کررہی ہے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ پنجاب سیف سٹی پراجیکٹ حکومت پنجاب کا قابل تحسین قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر اس پراجیکٹ کو کامیاب بنانے کے لیے پنجاب حکومت سے ہر ممکن تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کا بہترین نظام کاروباری لاگت کو کم کرتا اور اشیاء کی بروقت ترسیل یقینی بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کا کردار بہت اہم ہے کیونکہ ٹریفک کا بہترین نظام ہی ایک مہذب معاشرے کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے چیف ٹریفک آفیسر لاہور پر زور دیا کہ وہ مال روڈ پر جلسے جلوسوں اور احتجاج پر عائد پابندی پر عمل درآمد کرانے میں مدد کریں۔ سٹینڈنگ کمیٹی کے کنوینر مجاہد مقصود بٹ نے لاہور چیمبر کا دورہ کرنے پر سی ٹی او اور ایس ایس پی ٹریفک کا شکریہ ادا کیا۔

مزید :

کامرس -