مینوفیکچرنگ سیکٹر کی نشوونما کے لیے کاٹیج انڈسٹری کو درپیش مسائل حل کرنا ضروری ہے:لاہورچیمبر
لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد نے کہا ہے کہ مینوفیکچرنگ سیکٹر کی نشوونما کے لیے کاٹیج انڈسٹری کو درپیش مسائل حل کرنا ضروری ہے لہذا حکومت اسے خصوصی مراعات دے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری غربت و بے روزگاری کے خاتمے اور حکومتی محاصل میں اضافے کے لیے بہت اہم کردار ادا کرسکتی ہے ، چین، بنگلہ دیش اور بھارت نے اپنی کاٹیج انڈسٹری کے مسائل حل کرکے ہی بے تحاشا ترقی کی ہے۔ شیخ محمد ارشد نے کہا کہ سمگلنگ نے سب سے زیادہ نقصان کاٹیج انڈسٹری کو پہنچایا ہے جسے آہنی ہاتھوں سے روکنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری کو استحکام دینے کے لیے ضروری ہے کہ جو مصنوعات یہ تیار کررہی ہے وہ درآمد کرنے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوشل سکیورٹی اور ای او بی آئی سمیت دیگر اداروں کو پابند کیا جائے کہ وہ تاجروں کو بلاوجہ تنگ کرنے سے گریز کریں۔
شیخ محمد ارشد نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں میں کاٹیج انڈسٹری کم وسائل سے زیادہ فروغ پاسکتی ہے، اس سے سے دیہی علاقوں کے لوگوں کو روزگار ملے گا اور اُن علاقوں سے شہری علاقوں کی طرف منتقلی کے رحجان میں بھی کمی آئے گی جس سے شہری آبادی میں تعلیم، ٹرانسپورٹ اور صحت وغیرہ کے مسائل حل ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کاٹیج سٹی قائم کرکے کاٹیج انڈسٹری کو تیزی سے ترقی دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے برآمدات میں کاٹیج انڈسٹری کا حصہ بڑھانے کے لیے حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔