صوبائی انتخابات میں شکست،عوام کا اعتماد دوبارہ جیتا جائے گا،جرمن چانسلر
برلن(این این آئی)جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے صوبائی الیکشن میں مہاجرت و اسلام مخالف سیاسی پارٹی اے ایف ڈی سے شکست کے بعد عزم ظاہر کیا ہے کہ ان کی پارٹی عوام کا اعتماد دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ وہ مہاجرین کے بحران سے نمٹنے کی حکومتی پالیسی پر عوامی تنقید کو ختم کرنے کی کوشش کریں گی۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی میں ہر کسی کو یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ عوام کا کھویا ہوا اعتماد کس طرح دوبارہ حاصل کیا جا سکتا ہے، یقینی طور پر یہ مجھے بھی سوچنا ہے،میرکل نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی آبائی ریاست میں پارٹی کی شکست کی ’ذمہ دار‘ ہیں۔ تاہم ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ مہاجرین کے حوالے سے ان کی پالیسی درست تھی۔ میرکل نے کہا کہ آئندہ کی حکمت عملی کے لیے منصوبہ بنایا جائے گا اور عوام کا اعتماد جیت لیا جائے گا۔جرمن چانسلر کا کہنا تھا کہ مہاجرین کو پناہ دینے کا فیصلہ درست ہے لیکن اس بحران کے حل کے لیے ابھی کئی اقدامات کرنا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاجرین کے انضمام کی کوشش میں تیزی لانا ہو گی۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ایسے مہاجرین اور تارکین وطن کی ملک بدری میں بھی تیزی لانا ہو گی، جن کی پناہ کی درخواستیں مسترد کی جا چکی ہیں۔