پاک فضائیہ کا شمار دنیا کی بہترین فضائی فورسز میں ہوتا ہے،وزیراعلیٰ پنجاب

پاک فضائیہ کا شمار دنیا کی بہترین فضائی فورسز میں ہوتا ہے،وزیراعلیٰ پنجاب

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ7 ستمبر کا دن پاک فضائیہ کی تاریخ میں ایک امتیازی حیثیت رکھتا ہے اور 7 ستمبر 1965 کو پاکستان کے جانباز شاہینوں نے جرأت، شجاعت اور بہادری کی ایسی عظیم داستان رقم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے یوم فضائیہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یوم فضائیہ، پاک فضائیہ کے جانباز شاہینوں کے عظیم کارناموں اور لازوال قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔ یوم فضائیہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ 1965 کی جنگ میں کس طرح ہمارے جانباز دلیر شاہینوں نے دشمن کے حملے کو پسپا کرکے وطن عزیز کی سلامتی اور دفاع کو قائم رکھا۔انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے پاک افواج کے شانہ بشانہ وطن عزیز کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے دشمن کی فضائی طاقت کو نیست و نابود کیا۔1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے جس دلیری اور جوانمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو پسپا ہونے پر مجبور کیا، ہمیں اسی عزم کی تجدید کرنا ہے۔ 1965 کی جنگ میں جہاں پاکستان کی بری اور بحری افواج نے ناقابل فراموش کردار ادا کیا، وہیں پاک فضائیہ کا کردار بھی سنہری حروف سے لکھا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک فضائیہ کا شمار دنیا کی بہترین فضائی فورسز میں ہوتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب

مزید :

علاقائی -