بھارتی وفدسے ملاقات نہ کر کے کشمیریوں نے دنیا کو آزادی کا پیغام دیدیا :حافظ سعید

بھارتی وفدسے ملاقات نہ کر کے کشمیریوں نے دنیا کو آزادی کا پیغام دیدیا :حافظ ...

  

فیصل آباد(اے این این )امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارتی وفد سے ملاقات نہ کرکے کشمیریوں نے دنیا کو آزادی کا پیغام دے دیا ہے ۔پاکستانی جھنڈوں میں لپٹی کشمیریوں کی لاشیں عالمی حقوق انسانی کے اداروں کو جھنجوڑ رہی ہیں ۔ تحریک آزادی کشمیر تاریخ کی بلند ترین سطح پرپہنچ چکی ہے ۔تاریخ کا سب سے لمبا کرفیو بھی کشمیریوں سے ہار چکا ہے مگر پھر بھی اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے اور بھارتی مظالم کو بند کروانے میں ناکام نظر تا ہے ۔بھارت نواز بنگلہ دیشی حکومت 1971ء میں پاکستان کا ساتھ دینے والوں کو پھانسیاں دے کر خبث باطن کا اظہار کررہی ہے ۔6ستمبر پاکستان کی تاریخ کا سنہری دن ہے ۔ مسلح افواج کے ساتھ پاکستانی قوم بھی دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کو تیار ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے سرگودھا رڈ پر واقع مقامی ہال میں "آزادی کشمیر سیمینار" سے خطا ب کرتے ہو ئے کیا۔ سیمینار سے جماعۃالدعوۃ فیصل آباد کے مسؤل فیاض احمد، رضوان محمود ، ثاقب مجید ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف نے کشمیر کے حوالہ سے ملٹی میڈیا بریفنگ بھی دی۔ سیمینار میں علما،سیاست دان ،تاجران ،صحافی،وکلا اورطلباء سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے کہاکہ کشمیری اپنا فرض پورا کررہے ہیں ،کیا پاکستان بطور وکیل اپنا فرض پورا کررہاہے ؟نظریہ پاکستان کے تحت جماعۃالدعوۃ کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔ جب تحریک آزادی کشمیر کو دہشت گردی سے جوڑا جارہاتھا تب جماعۃ الدعوۃ نے تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے کام کیا ۔آج کشمیریوں کے جذبہ نے ہمیں نظریہ پاکستان پر متحد اور برصغیر کے تمام مسلمانوں کو بیدار کر دیا ہے۔ہمارا کام تحریک آزادی کشمیر کیلئے کھڑے ہوناہے، نصرت اللہ کی طرف سے آئیگی۔ پاکستانی ڈاکٹروں کو ویزے نہ دے کر انڈیا نے اپنا گھناؤنا چہرہ بے نقاب کیا ہے۔کشمیری بچوں کی آنکھیں چھیننے والے انڈین فوجی آج ذ ہنی مریض بن کر خودکشیاں کر رہے ہیں ۔ بھارت میں مسلمانوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں ۔سیکولر بھارت میں سوائے اونچی ذات کے ہندوؤں کے کوئی بھی محفوظ نہیں ۔انہوں نے کہاکہ آج آسیہ اندرابی کہتی ہیں کہ پاکستان ہی ہماری امیدوں کا محور ہے۔پاکستانی عوام جانتے ہیں کہ کشمیریوں کے دل میں پاکستان کی کیا قدر ہے۔کشمیری بچے ،جوان ،مردوعورت اور بوڑھے ایک ہی نعرہ لگارہے ہیں ’’کشمیر بنے گا پاکستان ‘‘۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دنیا کے سامنے منفی انداز میں پیش کر رہا ہے۔ اپنے ظلم، قتل اور دہشت گردی کو چھپانے کیلئے پاکستان کیخلاف جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈا کیاجا رہا ہے۔ مسلسل کرفیو، پیلٹ گن کا بہیمانہ استعمال ،ظلم و تشدد اور بازار بند ہونے سے کشمیریوں کا نظام زندگی بالکل ختم ہوچکا ہے ۔ کشمیریوں سے ہمارا رشتہ زمین ، پانی اور ہواکی سطح کا نہیں بلکہ اسلام کی بنیاد پر ہے ۔فیصل آباد کی غیور عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بیٹھ کر پاکستان کی سلامتی وحفاظت کی دعائیں مانگتے ہیں ۔حکومت پاکستان کو انڈیا کی دوستی کی پرواہ نہیں کشمیریوں کی نمائندگی کا حق ادا کرنا چاہیے۔ اقوام متحدہ سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر اس مسئلہ کو اٹھانا چاہیے ۔

حافظ سعید

مزید :

علاقائی -