ملک کوخطرات سے محفوظ بنانے کیلئے ہرپاکستانی کردار ادا کرے ،گورنر پنجاب

ملک کوخطرات سے محفوظ بنانے کیلئے ہرپاکستانی کردار ادا کرے ،گورنر پنجاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( نمائندہ خصوصی)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ یومِ دفاع شہداء کی ان جرات ، ہمت اور قربانیوں کی لازوال داستان کی باز گشت ہے جنہوں نے اپنی زندگیاں ملک و قوم کے لیے نچھاور کر دیں اور یہ پیغام دے کر امر ہو گئے کہ پاکستان قائم رہنے کے لیے بنا ہے اور انشااللہ تعالیٰ یہ قیامت تک قائم رہے گا ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پاکستان ایئر فورس بیس لاہور میں یوم دفاع کے موقع پر منعقدہ نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔تقریب میں پاک فضائیہ کی سنٹرل کمانڈ کے سربراہ ایئر وائس مارشل جواد سعید اور بیس کمانڈر پاکستان ایئر فورس بیس لاہور ایئر کموڈور سلمان محبوب بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادرا فواج کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے ملک کی سلامتی ،بقاء اور دفاع کے لیے شجاعت اور بسالت کی داستانیں مرتب کیں۔انہوں نے پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایئر فورس کے جوانوں اور پائلٹوں نے وطن کے لیے وہ شاندار اور نا قابل فراموش کارنامے انجام دیئے ہیں جو ہمارے جذبوں اور ولولوں کو ہمیشہ تروتازہ رکھتے ہیں ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ عوام اور حکومت کی بھرپور حمایت سے پاک افواج اندرونی اور بیرونی دشمن کے عزائم کا نہ صرف ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہیں بلکہ اُن کے آلہ کار اور سہولت کار بھی بے نقاب ہو رہے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ آج ضرب عضب کے آپریشن کے نتیجے میں افواج پاکستان نے ریاست کی بالادستی کو کامیابی سے قائم کر دیا ہے اور پوری قوم نے اس پر سکھ کا سانس لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم وطن کے دفاع کے عہد کے ساتھ ساتھ شہداء کی قربانیوں اور غازیوں کے کارناموں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو در پیش اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ بنانے کے لیے ہر پاکستانی کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا تا کہ ہم نئی نسل کو ایک پر امن ،با وقار اور خوشحال پاکستان دے سکیں ۔بعد ازاں ، گورنر پنجاب نے فیتہ کاٹ کر نمائش کا افتتاح کیا ۔نمائش کے دوران پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کا فضائی مظاہرہ خصوصی د لچسپی کا حامل تھاجبکہ الٹرا لائٹ اور اپر وماڈلنگ جہازوں کے مظاہروں سے بھی حاضرین بہت محظوظ ہوئے۔ نمائش میں پاک فضائیہ پر مبنی کتب، ایوی ایشن آرٹ گیلری اور تاریخی جنگی تصاویر کے اسٹال میں گورنر پنجاب اور آئی ہوئی فیملیز نے خصوصی دلچسپی لی۔
گورنر پنجاب

مزید :

صفحہ آخر -