میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے ہونیوالے انٹری ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان

میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے ہونیوالے انٹری ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان

  

لاہور( جنرل رپورٹر) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور نے میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے ہونے والے انٹری ٹیسٹ2016ء کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ مجموعی طور پر54908 امیدواروں نے 28 اگست کو ہونے والے انٹری ٹیسٹ میں شرکت کی جن میں سے29177نے 60فیصد اور اس سے زائد نمبر حاصل کیے۔7517 امیدواروں نے 50 سے 59 فیصد نمبر جبکہ 6621نے40سے49فیصد نمبر حاصل کیے۔ 11593 امیدواروں نے 40فیصد سے کم نمبر حاصل کیے۔ انٹری ٹیسٹ میں فیصل آباد کے عمر مقبول ولدمحمد مقبول نے 1082/1100نمبر لیکر پہلی پوزیشن حاصل کی۔گوجرانوالہ کی رابعہ عرفان دختر محمد عرفان الحق خان نے 1076/1100نمبر لیکر دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ تیسری پوزیشن لاہور کے ارسلان شوکت ولد شوکت علی ، ساہیوال کی علیزہ اشرف دخترمحمد اشرف اور ساہیوال ہی کی صباء فاطمہ دختر اکرم اﷲ نے مشترکہ طور پر حاصل کی۔تینوں نے 1070/1100نمبر لیے۔ انٹری ٹیسٹ میں اہل قرار پانے والے امیدوار 20سرکاری میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں 3405 ایم بی بی ایس اور 216بی ڈی ایس سیٹوں کیلئے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔ سرکاری میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے ایڈمیشن فارم 03اکتوبر سے مفت دستیاب ہوں گے۔ ایسے امیدوار جنھوں نے پی ایم ڈی سی کے فارمولے کے مطابق کم از کم 82فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کیے ہیں وہ اوپن میرٹ پر داخلے کیلئے درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ درخواست فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 15اکتوبر ہوگی۔سرکاری میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے پہلی لسٹ 28اکتوبر کو آویزاں کی جائے گی جبکہ میڈیکل کالجوں میں کلاسزکا آغاز 14نومبر سے ہوگا۔

مزید :

صفحہ آخر -