نا اہلی ریفرنس ،الیکشن کمیشن کا عمران خان کو نوٹس ،نواز شریف کو جواب داخل کرانے کی مزید مہلت

نا اہلی ریفرنس ،الیکشن کمیشن کا عمران خان کو نوٹس ،نواز شریف کو جواب داخل ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(اے این این) الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نااہلی کی درخواست پر ان سے جواب طلب کیا ہے جبکہ وزیراعظم نواز شریف کو پاناما لیکس کے معاملے میں جواب داخل کروانے کیلئے مزید تین ہفتے کی مہلت دی ہے۔ منگل کو الیکشن کمیشن میں وزیر اعظم نواز شریف،شہباز شریف،اسحق ڈار،کیپٹن(ر) صفدر اعوان،عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف دائر نااہلی ریفرنسز کی سماعت ہوئی ۔الیکشن کمیشن نے آف شور کمپنی بنانے کے معاملے پر عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 28 ستمبر تک اس بارے میں جواب داخل کروائیں۔کمیشن نے یہ نوٹس وکیل شاہنواز ڈھلوں کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر جاری کیا ہے۔اس درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان نے آف شور کمپنی بنا کر نہ صرف اپنے اثاثے چھپائے بلکہ اس رقم پر انہوں نے ٹیکس بھی ادا نہیں کیا۔ شاہنواز ڈھلوں ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ عمران خان نے بدنیتی کرتے ہوئے نیازی سروسز کے نام سے آف شور کمپنی بنائی اور حقائق چھپائے،انتخابی گوشواروں میں بھی ان کی آف شور کمپنی کا ذکر نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے وہ آئین کے آرٹیکل 62 اور63 پر پورا نہیں اترتے اس لیے انھیں نااہل قرار دیا جائے۔لیکشن کمیشن نے شاہنواز ڈھلوں ایڈووکیٹ کی جانب سے عمران خان کی نااہلی کے ریفرنس کو باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے فنڈز میں مالی بے ضابطگیوں سے متعلق دائر کی گئی درخواست کو عمران خان کی نااہلی سے متعلق دائر کیے گئے ریفرنس کے ساتھ یکجا کردیا ہے اور ان درخواستوں کی سماعت ایک ساتھ ہی ہوگی۔یہ درخواست پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے دائر کی تھی۔الیکشن کمیشن میں وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے خلاف 5 ریفرنسز کی بھی سماعت ہوئی۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے لطیف کھوسہ، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی جانب سے ان کے وکیل عبدالرزاق، پاکستان عوامی تحریک کے خرم نواز گنڈا پور کے وکیل اشتیاق ایڈووکیٹ جب کہ تحریک انصاف کی یاسمین راشد کے وکیل بھی پیش ہوئے۔ وزیراعظم نوازشریف، وزیراعلی پنجاب شہبازشریف اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے سابق اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ پیش ہوئے۔ پاناما لیکس میں وزیراعظم کے بچوں کے نام آنے پر ان سمیت پانچ افراد کو جواب داخل کروانے کیلئے دی گئی مدت میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔ وزیراعظم کے وکیل نے اپنے موکلین کی مصروفیات کو وجہ بنا کرجواب دائر کرنے کے لیے وقت مانگ لیا۔ الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے وزیراعظم کے وکیل سلمان بٹ کو 28 ستمبرسے قبل جواب دائر کرنے کی ہدایت ۔الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف دائر ایک اور درخواست عدم پیروی پر خارج کر دی یہ درخواست پروفیسر وحید کمال کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔دوسری جانب شیخ رشید کے عبدالرزاق ایڈووکیٹ کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے حسب روایت جانبدارانہ طریقہ اپنایا سپیکر قومی اسمبلی نے بھی جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوازشریف کو بچانے کا موقع دیا 20 کروڑ عوام کی نظریں اس کیس پر ہیں لیکن الیکشن کمیشن نے نوازشریف کے وکیل کو وقت دے کر وقت کا ضیاع کیا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -