کشمیر کی حالیہ تحریک کو منطقی انجام تک پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے :دفاع پاکستان کونسل

کشمیر کی حالیہ تحریک کو منطقی انجام تک پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے :دفاع ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خبر نگار خصوصی) دفاع پاکستان کونسل میں شامل مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین نے کہا ہے کہ چھ ستمبر یوم عزم،استقلال،فتح اور تجدید عہد ہے۔ قوم میں آج بھی65وا لا جذبہ بیدار کر نا ہوگا۔امریکا و انڈیا کے معاہدے عالم اسلام کے پشت بان پاکستان کے خلاف بہت بڑی سازش ہے۔پاکستان کے دفاع کا سب سے بڑا نقطہ کشمیر ہے۔کشمیر کی حالیہ تحریک کو منطقی انجام تک پہنچانا حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے۔افغان مہاجرین کی واپسی کے حوالہ سے پالیسی تبدیل کی جائے۔افغانیوں نے پاکستان کے دفاع کی جنگ لڑی ہے ۔اہل پاکستان نے ان کے لئے انصار مدینہ کا کردار ادا کیا اب افغانوں کو پاکستان کا دشمن نہ بنایا جائے۔بنگلہ دیش میں پاکستان سے محبت کرنے والوں کو پھانسیوں پر حکومت کی خاموشی افسوسناک ہے۔مودی نے بنگلہ دیش میں پاکستان توڑنے کا اعتراف کیا تھا اس پر حکومت پاکستان نے عالمی عدالت میں مقدمہ چلایاجانا چاہئے تھا۔کشمیر کے حوالہ سے مؤثر ترین پالیسی بنائی جائے اور حکومت صرف بیانات کی بجائے عملی اقدامات کرے۔کشمیری اسوقت تک بھارت سے بات کرنے کو تیار نہیں جب تک وہ مقبوضہ کشمیر کو متنازعہ علاقہ تسلیم نہیں کرتا۔دفاع پاکستان کونسل وطن عزیز کی جغرافیائی،نظریاتی سرحدوں کی دفاع کے لئے تحریک جاری رکھے گی۔ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق،پروفیسر حافظ محمد سعید،سینیٹر سراج الحق،سردار عتیق احمد،غلام محمد صفی،مولانا شاہ اویس احمد نورانی،مولانا فضل الرحمان خلیل،حافظ عبدالرحمان مکی،مولانا یوسف شاہ،مفتی سعید طیب بھٹوی،علی عمران شاہین نے دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں دفاع پاکستان سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل نے بیرونی دشمنوں سے دفاع اور جغرافیائی،نظریاتی سرحدوں کا بھی دفاع کرنا ہے۔کشمیر میں ظلم جاری ہے۔کشمیری طویل ترین کرفیو کی زد میں ہیں اور پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ اہل پاکستان ہماری مدد کریں گے۔۔جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا کہ چھ ستمبر 1965میں جو جذبہ اوراتحاد تھا اور اسکا جو نتیجہ سامنے آیا آج اس ماحول کو یاد کرنے کے ساتھ عملا قائم بھی کرنا ہے۔اور دعا کرنی ہے کہ اللہ 65سے زیادہ جذ بہ پاکستانی قوم کو دے۔انہوں نے کہا کہ آج بھی پاکستان کو سب سے بڑا مسئلہ دفاع کا درپیش ہے۔امریکا و انڈیا کا نیا معاہدہ عالم اسلام کے پشت بان پاکستان کے خلاف بہت بڑی سازش ہے۔امریکا جو کام افغانستان میں بیٹھ کر نہیں کر سکا اور اسے ذلت آمیز شکست ہوئی اب وہ انڈیا میں بیٹھ کر کرنا چاہتا ہے ۔جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ چھ ستمبر یوم عزم،یوم استقلال،یوم فتح ہے۔یہ دن ہمیں یاد دلا رہا ہے کہ دشمن نے پاکستان پر حملہ کیا تھا اور پاکستانی قوم و فوج نے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوے آگے بڑھ کر دشمن کا مقابلہ کیا اور اپنے سے بڑے دشمن کو شکست دی،شہداء کی قربانیوں پر ہمیں فخر ہے۔اب بھی دشمن کو وہی پیغام دیتے ہیں کہ اگر اس طرح دوبارہ ناپاک جسارت کی تو ماضی سے بڑی شکست ہو گی۔آج کا پاکستان ایٹمی طاقت ہے۔اسکی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔ سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ چھ ستمبر کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے تاریخ رقم کی اور چند سیکنڈ میں انڈیا کے کئی طیارے اڑا دیے ۔آج ہم اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ دفاع وطن کے لئے جانیں قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔ کشمیر میں دنیا کا طویل ترین کرفیو لگا ہوا ہے۔قتل و غارت گری کی کوئی مثال اس خطے میں نہیں ملتی ۔دفاع پاکستان کونسل اس بات پر سخت تشویش کا اظہار کر رہی ہے۔کشمیر کے مسئلہ کو دو طرفہ تعلقات کے لئے نہیں چھوڑ سکتے۔ یاسین ملک اور میر واعظ عمر فارروق نے کہا کہ ہم سید علی گیلانی کو مینڈیٹ دیتے ہیں وہ جو فیصلہ کریں گے وہ ہمیں قابل قبول ہو گا،بھارتی لیڈر جس کے پاس بھی گئے سب نے بات کرنے سے انکار کیا ۔کشمیری اس وقت تک بات کرنے کو تیار نہیں جب تک وہ اٹوٹ انگ کی رٹ ختم نہیں کرتا اور جموں کشمیر کو متنازعہ علاقہ تسلیم نہیں کرتا۔مقبوضہ کشمیر میں بچے،خواتین،بوڑھے سب نے پاکستان کا پرچم اٹھایا ہوا ہے۔اور جب کوئی شہید ہوتا ہے تو اسے پاکستان کے پرچم میں دفن کیا جاتا ہے۔جمعیت علماء پاکستا ن کے چیئرمین مولانا شاہ اویس احمد نورانی نے کہا کہ پاکستان کے دفاع ،سلامتی کے لئے قوم کو یکسو ہونا چاہئے۔ستر سال ہو گئے پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا تھا۔دوقومی نظریہ کی دھجیاں جسطرح ملک میں اڑائی جا رہی ہیں مثال نہیں ملتی۔کشمیر میں قتل و غارت گری کا بازار گرم ہے۔انسانی ھقوق کی عالمی تنظمیں خاموش ہیں۔اقوام متحدہ میں پیش کیا جانے والا چارٹر آف ڈیمانڈ کچھ بھی نہیں ۔انصار الامۃ پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمان خلیل نے کہا کہ چھ ستمبر کو پاکستان کی غیور عوام اور فوج نے اپنے سے بڑی طاقت کو شکست فاش سے دو چار کیا اور دنیا کو باور کروایا کہ پاکستان ایک طاقت ہے۔آج یوم عہد بھی ہے ۔پھر وہی دشمن جس نے 65میں پاکستان کے خلاف جارحیت کی آج بھی کر رہا ہے۔اسوقت جارحیت کھلی تھی اور اب خفیہ ہے۔مشرقی و مغربی بارڈر،کراچی میں جارحیت کی جا رہی ہے۔جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی نے کہا کہ چھ ستمبر کا دن بھارت کی شکست کا دن ہے،اسکی ایئر فورس ناکام ہو گئی تھی،ہمارے ایک شاہین ایم ایم عالم نے ایک ایسا ریکارڈ قائم کیا جو دنیا کی تاریخ میں یاد رہے گا۔ جمعیت علماء اسلام (س) کے مرکزی رہنما مولانا یوسف شاہ ،جماعۃ الدعوۃ کے رہنماؤں مفتی سعید طیب بھٹوی،علی عمران شاہین نے کہا کہ پاکستان کے دفاع،سلامتی،استحکام کے لئے دفاع پاکستان کونسل سب سے پہلے میدان میں نکلی ہے۔امریکا کو خوش کرنے کے لئے دفاع پاکستان کونسل کے قائدین پر پابندیاں نہ لگائی جائیں۔یہ محب وطن لوگ ہیں جو پاکستان کو مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔پاکستان مردہ باد کے نعرے لگانے والے اور پاکستان کے جھنڈے جلانے والوں کے خلاف کاروئی کی جائے۔

مزید :

صفحہ اول -