ایک محفوظ پاکستان ہی پاکستان کی خوشحالی کا ضامن ہے،کورکمانڈر منگلا
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) کور کمانڈر منگلا لفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی نے منگل کے روز بتایا کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا ، کیونکہ ایک محفوظ پاکستان ہی پاکستان کی خوشحالی کا ضامن ہے اور افواج پاکستان اپنے اس عزم کو ایک دفعہ پھر دہراتی ہے کہ ملک کی سلامتی اور ملک کے عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے خون کے آخری قطرے تک دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا جائے گا ۔ وہ یوم دفاع پاکستان اور یوم شہداء کے سلسلہ میں منعقد ایک بڑی تقریب میں خطاب کر رہے تھے تقریب میں ضلع چکوال کے 161شہداء کے250سے زائد قریبی رشتہ داروں نے کور کمانڈر کے مہمان کی حیثیت سے خصوصی طور پر شرکت کی۔ شہداء کے ان خاندانوں کو پورے پروٹوکول کے ساتھ چکوال سے منگلا چھاؤنی لایاگیا تھا۔ تقریب میں ڈی سی ا و چکوال محمود جاوید بھٹی، اے ڈی سی عاصم جاوید ہاشمی، چیئرمین چکوال پریس کلب خواجہ بابر سلیم محمود اور اعلیٰ فوجی افسران اور ان کے اہل خاندان اور عمائدین علاقہ کے چیدہ چیدہ افراد نے اس تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں مختلف ٹیبلو اور ملی نغموں کے ذریعے رنگا رنگ دلچسپ پروگرام پیش کیے گئے اور ملی نغموں نے تقریب میں شریک شرکاء کے خون کو خوب گرمایا۔ کور کمانڈر نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ لہٰذا اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو فوری طور پر حل کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ افواج پاکستان اندرونی اور بیرونی محاذوں پر پوری طرح چوکس ہے اور انشاء اللہ ستمبر1965والا جذ بہ فوج میں موجود ہے اور خصوصی طور پر آج نوجوان نسل کے طلباء وطالبات نے جس جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا ہے او ران کی آنکھوں کی چمک ان کا عزم، حوصلہ اور وطن سے محبت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ بعد ازاں فوجی میلے کا بھی اہتمام کیا گیا جبکہ شہداء کے عزیزوں نے یاداگار شہداء پر پھول چڑھائے اور اس موقع پر افواج پاکستان کے مختلف سٹالز لگائے گئے جن میں مختلف ہتھیار نمائش کیلئے پیش کیے گئے۔