چارسدہ میں پولیس کی کارروائی ،11سہولت کار ،49مشتبہ اور 30غیر قانونی افغان مہاجرین گرفتار
چارسدہ (بیورورپورٹ) چارسدہ پولیس کی کاروائی ۔ 7ایس ایم جی ، 20شارٹ گن ، 132پستول ، 4400کارتوس برآمد۔ دہشت گردوں کے 11سہولت کار بھی گرفتار ۔ 49مشتبہ اور 30غیر قانونی مقیم افغان مہاجرین کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمات درج ۔ 78تعلیمی اداروں کو سیکورٹی کے ناقص انتظامات پر نوٹس جاری ۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سہیل خالد خان کی سربراہی میں جاری اپریشن کے دوران ماہ اگست میں مجموعی طور پر ضلع بھر میں 30سرچ اینڈ سٹرائیک اپریشن کئے گئے ۔ اپریشن دوران 1574تعلیمی اداروں کی سیکورٹی چیک کی گئی اور ناقص سیکورٹی انتظامات پر 78اداروں کو نوٹس جاری کئے گئے جبکہ حساس تنصیبات کو بھی دوران اپریشن چیک کیا گیا ۔ بغیر نمبر پلیٹ 62موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کاروائی کی گئی ۔ ہنڈی حوالہ کا غیر قانونی طور پر کا روبار اور لاؤڈ سپیکر کے غلط استعمال پر چھ افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ۔ اپریشن کے دوران پولیس نے 7ایس ایم جی ، 20شارٹ گن ، 132پستول ، 4400کارتوس بھی برآمدکئے جبکہ دہشت گردوں کے 11سہولت کار بھی گرفتارکئے گئے ۔ 49مشتبہ افراد کوگرفتار کرکے ان سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ 30غیر قانونی مقیم افغان مہاجرین کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہوئے ۔دوسری طرف اپریشن کے دوران CRVSکے ذریعے کل 16271افراد کا ریکارڈ چیک کیا گیا جن میں 46افراد کے خلاف کریمینل ریکارڈ موجود پائی گئی جبکہVVSکے ذریعے کل 7706گاڑیاں چیک کی گئی جن میں3گاڑیوں کو زیر دفعہ523/550ض ف اور ایک گاڑی زیر دفعہ 419/420/468ت پ قبضہ پولیس کئے گئے۔ IVSکے ذریعے کل 4550شناختی کارڈ چیک کئے گئے جو کہ تمام کلیر نکلے۔ ماہ اگست کے دوران DRCنے بھی 59درخواستوں پر کاروائی کرتے ہوئے احسن طریقے سے تمام درخواستیں نمٹائی ۔