یوم دفاع ہماری عظمتوں،جراتوں کے اظہارکادن ہے،رہنما ایم ڈبلیو ایم

یوم دفاع ہماری عظمتوں،جراتوں کے اظہارکادن ہے،رہنما ایم ڈبلیو ایم

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایات پر ایم ڈبلیو ایم نے یوم دفاع کو ’’دفاع وطن‘‘کے عنوان سے منایا۔اس سلسلے میں ملک کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں جن کی قیادت مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے کی۔ مقررین نے چھ ستمبر کے یادگار دن پر روشنی ڈالتے قوم کے جانبازوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ یوم دفاع ہماری عظمتوں اور جراتوں کے اظہار کا دن ہے۔اس روز پاک فوج کے نڈر جوانوں نے بہادری اور شجاعت کی وہ تاریخ رقم کی جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔حب الوطنی کا یہی جذبہ ملک و قوم کی سالمیت و استحکام کی ضمانت ہے ۔ملک دشمن طاقتوں کے عزائم ناکام بنانے کے لیے آج بھی اسی قومی جذبے اورولولے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا اس وقت ہم سرحد پار سے خطرات کا سامنا تھا ۔آج یہی خطرہ سرحدوں کے اندر ہے۔مخصوص فکر کے پیروکار پورے ملک کو یرغمال بنانا چاہتے ہیں۔ان عناصر کی کوششیں ناکام بنانے کے لیے 1965 کے جذبے کو دوہرانا ہو گا۔ اس وطن میں بسنے والے تمام افراد کو بلاتخصیص مذہب و مسلک برابری کے حقوق حاصل ہیں۔کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ دوسرے کے عقیدے میں مداخلت کا باعث بنے۔عالمی استعماری و ظاغوتی قوتوں کی ایما پر جو عناصر اس ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں انہیں ناکامی اٹھانا پڑے گی۔قومی اخوت وحدت کا ہتھیار انہیں ذلت آمیز شکست سے دوچار کرے گا۔ریلیوں میں مظاہرین نے بڑے بڑے بینر اٹھا رکھے تھے جن میں پاک فوج اور پاکستان کی حمایت میں نعرے درج تھے۔مجلس وحدت مسلمین کی طرف سے ایک بھرپور ریلی سکردو کے مین بازار سے نکالی گئی جس میں سینکڑوں افراد شریک تھے۔شرکا بھارت کے خلاف اور پاکستان کی حمایت میں زبردست نعرہ بازی کر رہے تھے۔دوسری بڑی ریلی ملیر کراچی سے نکالی گئی جس کی قیادت مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے کی۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -