چکوال چیمبر آف کامرس کے سالانہ انتخابات دس ستمبر کو ہونگے

چکوال چیمبر آف کامرس کے سالانہ انتخابات دس ستمبر کو ہونگے

  

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)چکوال چیمبر آف کامرس کے سالانہ انتخابات دس ستمبر کو ہونگے اور اس کیلئے پائینئر گروپ اور فاؤنڈر گروپ کی انتخابی مہم عروج پرپہنچ گئی۔ دونوں گروپوں نے ایک دوسرے کیخلاف الزامات کی بوچھاڑ کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جبکہ براہ راست ووٹر کے ساتھ رابطوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ پائینئر گروپ نے تمام آٹھ نشستوں پر اپنے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی داخل کرایے ہیں جس میں سے پانچ امیدوار غیر سرکاری طور پر بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ کارپوریٹ سیکٹر میں فاؤنڈر گروپ کے صاحبزادہ عبدالقدوس نے کاغذات نامزدگی داخل کرایے ہیں جبکہ کارپوریٹ کی تین نشستوں پر خرم کامران، احسن بختاوری اور بلال مرتضیٰ امیدوار ہیں۔ جبکہ ایسوسی ایٹ سیکٹر میں پائینئر گروپ نے غلام محمد کہوٹ، رانا زاہد اور آصف مانی کو میدان میں اتارا ہے۔ فاؤنڈر گروپ نے محمد احمد فاروقی اور آصف یعقوب اعوان کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔ ایسوسی ایٹ سیکٹر میں 114ممبران نے حق رائے دہی استعمال کرنا ہے جبکہ کارپوریٹ سیکٹر میں صرف22ممبران ووٹ ڈالیں گے۔ پائینئر گروپ کو فاؤنڈر گروپ پر واضح برتری حاصل ہے اور فاؤنڈر گروپ نے اپنی پریس کانفرنس میں برملا اعتراف کیا کہ ہماری انتخابی پوزیشن کمزور ہے مگر مخالفین کیلئے میدان کو کھلانہیں چھوڑا ہے ہماری جدوجہد چکوال چیمبر آف کامرس کو قبضہ گروپ سے آزاد کرواناہے۔ پائینئر گروپ کے سربراہ قاضی محمد اکبر براہ راست الیکشن کی خود نگرانی کررہے ہیں اور ہر گروپ اور ووٹر کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ آٹھ ستمبر ہے جس کے بعد صورتحال مزید واضح ہوگی۔ پائینئر گروپ کے 2 امیدوار اپنے کاغذات واپس لیں گے اور اس طرح دس ستمبر کو مقابلہ آٹھ نشستوں پر گیارہ امیدواروں کے درمیان ہوگا۔ خواتین کی دو نشستوں پر پائینئر گروپ نے مختار بیگم اور نازیہ یوسف کو امیدوار بنایا ہے جبکہ فاؤنڈر گروپ نے کوئی خاتون میدان میں نہیں اتاری ہے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -