چھ رکنی چینی ماہرین تعلیم کے وفد کاعلامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا دورہ

چھ رکنی چینی ماہرین تعلیم کے وفد کاعلامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا دورہ

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) " چین کی اوپن یونیورسٹی کے تعلیمی ماہرین پر مشتمل چھ رکنی تعلیمی وفد نے گزشتہ روزعلامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے اوپن یونیورسٹی میں چائنیز لینگویج سینٹر کے قیام اور اس میں پاکستانی طلبہ کے لئے چینی زبان کے مختلف تدریسی پروگرام شروع کرنے میں بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ پاکستانی اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہدصدیقی نے چینی ماہرین تعلیم کے وفد کو یونیورسٹی کے تعلیمی اہداف اور کامیابیوں پر تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ یونیورسٹی نے "چائنیز لینگوئج اینڈ کلچرل سنٹر"کے قیام پر کام تیز کردیا ہے اور عنقریب یہ سینٹر بھر پور انداز میں کام شروع کردے گا۔پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ تعلیمی میدان میں دو طرفہ تعاون بالخصوص چائنیز زبان سیکھنا پاکستانیوں کے لئے بہت مفید ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اوپن یونیورسٹی کی مینجمنٹ اور انتظامی و مالی نظام کی مضبوطی کے لئے چین کی جامعات سے استفادہ حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں اور اس سلسلے میں چین کی مختلف جامعات کے ساتھ دو۔طرفہ مفاد کے مختلف معاہدوں پر عملددرآمد بھی شروع کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی جامعات کے ساتھ اشتراک عمل کے منصوبوں سے ہم یونیورسٹی کی لائبریری ٗ ایف ایم ریڈیو ٗ ویب سائٹ اور آن لائن تعلیمی منصوبے کو بھی اپ ڈیٹ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی چین ۔پاکستان اقتصادی راہداری پراجیکٹ کے طرز پر دونوں ممالک کے درمیان "تعلیمی راہداری"منصوبہ شروع کرنے کی خواہش رکھتی ہے۔ چینی ماہرین تعلیم کے وفد کے سربراہ ٗ چین کی اوپن یونیورسٹی کے صدر پروفیسر شوجنگ ژنگ(Pro. Shaogang Zhang)نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی ملک گیر تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی اوپن یونیورسٹیوں کے مابین معاہدہ دونوں جامعات کی آن لائن تعلیم کے فروغ میں نہایت کارآمد ثابت ہوگا۔ چین کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے اوپن یونیورسٹی کے رجسٹرار ٗ پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم قریشی نے معیار تعلیم کی مضبوط کے لئے معاہدے کو حوصلہ افزا قرار دیا۔آفس برائے بین الاقوامی تعاون کے انچارج ٗ ڈاکٹر زاہد مجید نے یونیورسٹی کی مجموعی ترقی کے لئے شروع کئے گئے نئے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔چینی ماہرین تعلیم نے اوپن یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور یونیورسٹی کے مربوط نیٹ ورک کو سراہا۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -