تاجروں کے مسائل سے آگاہی رکھنے والوں کو چیمبرالیکشن میں کھڑا کیا:پیاف
لاہور(کامرس رپورٹر)پیاف فاؤنڈرز الائنس ایسوسی ایٹ کلاس کے قائدین عرفان اقبال شیخ اورشیخ محمد آصف نے کہا ہے کہ الائنس نے موجودہ لاہور چیمبر الیکشن 2017-18 میں ایسے امیدوار کھڑے کئے ہیں جو تاجروں کے مسائل سے آگا ہ ہیں اور انہیں حل کرانے کی صلاحیت و اہلیت رکھتے ہیں ۔ الیکشن آفس سے گزشتہ روز بیان جاری کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ الائنس کا منشور تاجروں کو در پیش مسائل کے حل کا آئینہ دار ہے ۔ مارکیٹوں کے تحفظ اور بیورو کریسی پر انحصار کی بجائے بزنس کمیونٹی سے مشاورت پیاف فاؤنڈرز الائنس کا ہمیشہ سے طرہ امتیاز رہا ہے ۔ شیخ محمد آصف اور عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ مارکیٹ وزٹ پروگرام کو ترتیب دے د یا گیاہے اور لاہور کی تمام مارکیٹس کا وزٹ کیا جائے گا اور مارکیٹس میں جا کر کے تمام مسائل کو زیر بحث لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ الائنس بزنس کمیونٹی کے اتحاد کی طاقت ہے ۔ اس طاقت کی وجہ سے حکومتی اداروں اور ذمہ داروں کو لاہور چیمبر کی آواز پر توجہ دینا پڑتی ہے اور مارکیٹس کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوتے ہیں ۔ الائنس کے رہنماوں شیخ محمد آصف اور عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ تاجر برادری کو مارکیٹس کے پارکنگ مسائل کے مسائل کے ساتھ ساتھ سرکاری محکموں کے کرپٹ عناصر سے نجات دلانا پیاف فاؤنڈرز الائنس کے منشور کا حصہ ہے ۔ پیاف فاؤنڈر الائنس کی کامیابی کا پندرواں سال ہے جس میں الائنس کی قیادت نے تاجروں کیلئے اپنے تمام تر خدمات کو بروئے کار لاتے ہوئے لاہور چیمبرز کو تاجروں کا حقیقی ادارہ بنایا اور تاجر و صنعتکاروں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروایا ۔انہوں نے کہا کہ پیاف فاؤنڈ ر الائسنس نے ہمیشہ تاجروں ،صنعتکاروں کی بے لوث خدمت کی ہے اور ان کے تمام مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کروائے ہیں۔۔ انھوں نے کہا کہ پیاف فاؤنڈرز الائنس کے امیدواران الائنس کی پالیسیوں کے کامیاب تسلسل کو جاری وساری رکھیں گے اور حکومتی ایوانوں میں تاجر برادری کی آواز پہنچاتے رہیں گے۔