چیئر پرسن سندھ سرمایہ کاری بورڈ ناہید میمن سے روسی قونصل جنرل کی ملاقات

چیئر پرسن سندھ سرمایہ کاری بورڈ ناہید میمن سے روسی قونصل جنرل کی ملاقات

کراچی (اے پی پی) چیئر پرسن سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ ناہید میمن سے روس کے قونصل جنرل الیگزینڈر جی خوزن نے بدھ کو ایس بی آئی آفس کراچی میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص ’’سندھ۔ سینٹ پیٹرز برگ معاہدہ برائے باہمی تعاون‘‘ پر دستخطوں کی تاریخ طے کرنے اور دیگر امور پر بات چیت کی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر چیئر پرسن ایس بی آئی ناہید میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو شہید نے روس کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دی تھی اور کراچی کا پاکستان اسٹیل مل ان ہی تعلقات کی ایک یادگار ہے۔ چیئر پرسن ایس بی آئی نے کہا کہ سندھ حکومت، روسی حکومت اور عوام کے ساتھ ان تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم اور مضبوط کرنا چاہتی ہے تا کہ دونوں ملک ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے استفادہ کر سکیں۔ روسی قونصل جنرل نے چیئر پرسن ایس بی آئی کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے بتایا کہ روسی حکومت نے ’’سندھ۔سینٹ پیٹرز برگ معاہدہ برائے باہمی تعاون‘‘ پر دستخطوں کے لئے اگلے ماہ اکتوبر میں سینٹ پیٹرز برگ میں تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کے لئے گورنر سینٹ پیٹرز برگ اور وزیر اعلیٰ سندھ اس معاہدے پر دستخط کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر سینٹ پیٹرز برگ میں بزنس فورم بھی منعقد کیا جائے گا۔

مزید : کامرس