لجزائری اپوزیشن کا فوج سے اقتدار ہاتھ میں لینے کا مطالبہ

لجزائری اپوزیشن کا فوج سے اقتدار ہاتھ میں لینے کا مطالبہ

الجیریا(این این آئی)افریقی عرب ملک الجزائر کے سیاسی حلقوں میں صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ کی خرابی صحت اور مسلسل منظر سے غائب رہنے کے باعث صدارتی انتخابات کے لیے بحث جاری ہے۔ حکومتی حلقوں نے کہا ہے کہ صدر بوتفلیقہ تندرست ہیں اور قبل از وقت انتخابات کی ضرورت نہیں، جب کہ اپوزیشن نے کہاہے کہ صدر ایک عرصے سے غایب ہیں۔ اس لیے ملک میں سیاسی خلاء پایا جا رہا ہے، اس خلاء کو پر کرنے کے لیے اپوزیشن نے فوج کو اقتدار ہاتھ میں لے کر نئے صدارتی انتخابات کرانے پر زور دیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق الجزائر کی مختلف سیاسی جماعتوں نے پارلیمنٹ سے آئین کی دفعہ 102 پر عمل درآمد کرنے پر زور دیا ہے۔ آئین کے اس آرٹیکل میں پارلیمنٹ کو صدر کی خطرناک بیماری کے سبب انہیں ذمہ داریوں کی انجام دہی سے روکنے کا اختیار ہے۔دوسری جانب پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اپوزیشن کی جانب سے فوج کی مداخلت کے مطالبے کو مسترد کردیا ہے۔ اسپیکر السعید بوحجہ کا کہنا تھا کہ قبل از وقت صدارتی انتخابات کا مطالبہ سیاسی اخلاقیات اور دستوری طریقہ کار سے انحراف کے مترادف ہے۔ حکمراں جماعت نیشنل فریڈم فرنٹ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ صدر کی بیماری پر توجہ مرکوز کرنے کی کوئی ضرورت نہیں کیوں کہ وہ صحت مند ہیں۔الجزائر کی سیاسی جماعتوں نے رواں ہفتے فوج سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ مسلسل بیمار رہنے والے صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ کو سبکدوش کرنے اور ملک میں قبل از وقت انتخابات کے لیے مداخلت کرے ۔

تاہم مسلح افواج کے سربراہ کی طرف سے فوری طور پر اس کا رد عمل سامنے آیا جس میں کہا گیا تھا کہ فوج دستور کو معطل نہیں کرے گی۔ اپوزیشن جماعتیں اور ان کی حامی سوشل میڈیا پر بھی پارلیمنٹ کو آئین کی دفعہ 102 پر عمل درآمد کرتے ہوئے صدر کو سبکدوش کرنے کی حمایت میں مہم چلا رہی ہے۔

مزید : عالمی منظر