روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام ،پنجاب بار کونسل کی کال پر وکلاء کی ہڑتال

روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام ،پنجاب بار کونسل کی کال پر وکلاء کی ہڑتال

لاہور(نامہ نگار)برما میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام اور مظالم کے خلاف پنجاب بار کونسل کی کال پر لاہوربارکے وکلاء نے ہڑتال کی ، وکلاء کی ہڑتال کے باعث سیکڑوں مقدمات بغیر کارروائی کے اگلی تاریخوں تک ملتوی کردیئے گئے ۔ماتحت عدالتوں سیشن کورٹ، کینٹ کچہری ،ضلع کچہری ،ماڈل ٹاؤن کچہری سمیت دیگر عدالتوں میں پنجاب بار کونسل کی کال پر وکلاء نے گزشتہ روزہڑتال کی ۔وکلاء صرف اہم نوعیت کے مقدمات میں پیش ہوئے ، وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل ملک عنایت اللہ اعوان کی جانب سے روہنگیا اور برما میں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف پنجاب بھر کی عدالتوں کے بائیکاٹ کی کال دی گئی تھی۔

، وکلاء ہڑتال کی وجہ سے جیلوں سے لائے گئے حراستی ملزموں کو بھی عدالتوں میں پیش نہیں کیا گیا۔سابق سیکرٹری لاہور بار کامران بشیر مغل ، مدثر چودھری ، مجتبیٰ چودھری اورمرزاحسیب اسامہ کا کہنا ہے کہ برما اور روہنگیا کے مسلمانوں کا قتل عام پوری انسانیت کا قتل ہے ۔

مزید : علاقائی