وزیر دفاع سے ترک سفیر کی ملا قات ، تعلقات مزید پائیدار بنانے پر اتفاق

وزیر دفاع سے ترک سفیر کی ملا قات ، تعلقات مزید پائیدار بنانے پر اتفاق

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر سے ترکی کے سفیر ایس بابر گرگین نے ملاقات کی جس میں باہمی تعلقات مزید مضبوط و پائیدار بنانے پر اتفاق کیا گیا ۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان بدھ کو یہاں ہونے والی اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات ‘ خطے کی مجموعی سیاسی و سکیورٹی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے ۔ وزیر دفاع خرم دستگیر نے پاک بحریہ کے فلیٹ ٹینکر کی فراہمی میں ترکی کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترکی سے دفاع سمیت ہر شعبے میں مضبوط و پائیدار تعلقات چاہتے ہین ۔ ترک کمانڈر جنرل ہلوسی کے دورہ پاکستان سے باہمی دفاعی تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں تاہم ہم ان تعلقات کو مزید مضبوط و پائیدار بنانے کے لئے کوشاں ہیں ۔ خرم دستگیر نے کہا کہ ترک صدر طیب اردگان کی جمہوریت اور ترقی کے لئے کاوشیں قابل تحسین ہیں ترکی کی جانب سے جس سلیقے سے فوجی بغاوت اور سرحدی کشیدگیوں پر قابو پایا گیا اس سے آمریت اور انارکی کی بجائے جمہوریت کو تقویت ملی جو ترقی پزیر ممالک کے لئے روشن مثال ہے ۔ وزیر دفاع نے شام کے بحران میں بھی ترکی کے کردار کو قابل قدر قرار دیتے ہوئے کہ اکہ کشیدہ اور شورش رسیدہ ماحول اور صورت حال میں فریق بننے کی بجائے سفارتی محاذ اور گریز کی پالیسی اپنائی جائے تو بڑی تباہی سے بچا جا سکتا ہے ۔

مزید : علاقائی