خیبر پختونخوا میں نمائشی منصوبوں کے بجائے حقیقی اقدامات سے غربت مٹانے میں کامیاب رہے : عمران خان
اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں صوبائی حکومت غربت میں نمایاں کمی لانے میں کامیاب رہی ہے۔ ایک بیان میں عمران خان نے کہا کہ نمائشی منصوبوں کی بجائے غربت میں کمی خیبر پختونخوا میں ہماری ترجیح تھی، کئی اقدامات کے باعث خیبر پختونخوا سے غربت مٹانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قابلیت اور اہلیت کی بنیاد پر ملازمتوں سے صوبے میں روزگار کے مساوی مواقع پیدا ہوئے، بہتر سرکاری تعلیمی ادارے، اصلاحات شدہ صحت کے نظام اور غریبوں کیلئے صحت کارڈ کے اجراء سے بھی کافی معاونت ملی۔ عمران خان نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں قائم کئے گئے چھوٹے پن بجلی گھروں سے عوام کو سستی توانائی میسر آئی جبکہ پن بجلی گھروں اور بلین ٹری منصوبے سے بھی عوام کیلئے روزگار کے دروازے کھلے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست سے پاک پولیس کے باعث تحفظ کا احساس پیدا ہوا اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوئی۔