بے بنیاد ، الزامات لگانے والوں کو شرم آنی چاہیے ، چینی حکوت کے بیان سے میرے اصولی موقف کی فتح ہوئی : شہباز شریف

بے بنیاد ، الزامات لگانے والوں کو شرم آنی چاہیے ، چینی حکوت کے بیان سے میرے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ چین کی حکومت کا حالیہ بیان میرے اصولی موقف کی توثیق ہے اور چینی وزارت خارجہ کا بیان 21کروڑ پاکستانی عوام اورسچ کی فتح ہے۔جھوٹ بولنے والوں کو ہمیشہ کی طرح ایک پھر ناکامی کا سامنا کرناپڑا ہے۔جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو شرم آنی چاہیے اوربے بنیاد الزامات لگانے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔وزیراعلی شہبازشریف نے ایک بیان میں کہاکہ عوام کے منتخب خادم اعلی پر بے بنیاد الزام لگانا انتہائی نامناسب بات ہے۔ چین کے سفارتخانے کے بعد چینی وزارت خارجہ کے بیان سے ملتان میٹروبس پراجیکٹ کے حوالے سے بے بنیاد اورجھوٹ پر مبنی پروپیگنڈا دم توڑ چکا ہے۔ الزامات لگانے والے کوئی ثبوت سامنے نہیں لا سکے تاہم اللہ تعالی کے فضل وکرم سے ہماری بے گناہی کے ثبوت سامنے آچکے ہیں اور ہمارے سب سے قابل اعتماد دوست چین کے سفارتخانے کے بعد چینی وزارت خارجہ نے بھی بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو آئینہ دکھا دیا ہے۔ چین نے اتناٹھوس پیغام دیا ہے کہ اس کے بعد ہر الزام ختم ہوگیا ہے۔چین کی وضاحت کے بعد پاکستان کی موجودہ حکومت اور عوام کی عزت وتوقیر میں اضافہ ہواہے اورمخالفین کے بے بنیاد الزامات جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں عوام کا خادم ہوں اور ہمیشہ کی طرح خادم بن کر ان کی خدمت کرتارہوں گا۔ عوامی خدمت کے سفر سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔میرا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اور آخری سانس تک عوامی خدمت کروں گا۔دریں اثناء شہبازشریف نے لندن سے سول سیکرٹریٹ لاہور میں ویڈیو کانفرنس کی،جس کے دوران پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے پر ہونے وا لی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ویڈیوکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اربوں روپے کے وسائل سے جگر اورگردے کے مریضوں کیلئے جدید ہسپتال بنا رہی ہے اوراس ہسپتال میں علاج معالجے کی عالمی معیار کی سہولتیں مہیا کی جائیں گی جبکہ پنجاب حکومت کے دیگر منصوبوں کی طرح یہ پراجیکٹ بھی شفافیت اوراعلی معیار کا شاہکار ہوگا۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ مفاد عامہ کے اس عظیم الشان منصوبے کے پہلے مرحلے کا 25دسمبر 2017ء کو افتتاح کیا جائے گااور منصوبے کی تکمیل سے گردے اورجگر کے امراض میں مبتلا افرادکو جدیدطبی سہولتیں پاکستان میں میسر آئیں گی۔عام آدمی کو علاج معالجے کی عالمی معیار کی سہولتیں دے کراسے اس کا حق دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس ادارے میں غریب اورمستحق مریضوں کا سوفیصد مفت علاج ہوگاجبکہ اس ادارے کاہسپتال مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے تحت پورا نظام ڈیجیٹل اورکمپیوٹرائزڈ ہوگاجس سے مریضوں کو بے پناہ فائدہ ہوگا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب نے منصوبے پر ہونیوالی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق،مختار بھرت،مشیر ڈاکٹر عمر سیف،چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کے صدر ڈاکٹرسعید اختر اورمتعلقہ حکام سول سیکرٹریٹ سے ویڈیولنک کے ذریعے شریک ہوئے۔دوسری طرفشہبازشریف نے لاہور میں شدید بارش کی اطلاع پرفوری طورپر لندن سے انتظامیہ اورمتعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ شدید بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔انتظامی افسران ، ٹریفک پولیس ،واسا،پی ڈی ایم اے ،ریسکیو 1122، بلدیاتی نمائندے اوردیگر متعلقہ اداروں کے حکام عوام کی مشکلات دورکرنے کیلئے خود فیلڈ میں موجود رہیں اوراس کے ساتھ نشیبی علاقوں اور سڑکوں سے نکاسی آب کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔ افسران دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے خود فیلڈ میں نکلیں اور نکاسی آب کے کام کی نگرانی کریں اوراس ضمن میں رپورٹ لندن بھجوائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں ہونا چاہیئے اور نکاسی آب کے کاموں میں غفلت قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزید :

صفحہ اول -