ملک کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے ،ہم نے بہت ڈو مور کر لیا اب دنیا کرے :جنرل باجوہ

ملک کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے ،ہم نے بہت ڈو مور کر لیا اب دنیا کرے :جنرل ...

راولپنڈی (مانیٹر نگ ڈیسک) یوم دفاع کے موقع پر جی ایچ کیو میں مرکزی تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تھے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم دفاع کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہدا کا خون ہم پر قرض ہے ملک کے ایک ایک انچ کا دفاع کرینگے۔ اور جو قومیں شہدا کو بھول جاتی ہیں تاریخ کبھی انہیں معاف نہیں کرتی۔انہوں نے کہا کہ فوج دہشتگردوں کو ختم کرسکتی ہے لیکن انتہا پسندی پر قابو پانے کے لیے ضروری ہے کہ ہر شہری ردالفساد کا سپاہی ہو جب کہ جذبے کا تعلق صرف جنگ سے نہیں قومی ترقی کے ہر پہلو سے ہے۔آرمی چیف نے کہا کہ ہمارے دین میں واضح حکم ہے کہ جہاد ریاست کی ذمہ داری ہے اور یہ حق ریاست کے پاس ہی رہنا چاہیے جب کہ ہم جانتے ہیں کہ پاکستان کا مطلب کیا ہے اور ہمیں اپنے لا الہ کی بنیاد پر پر فخر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قومی اتحاد آج وقت کی اہم ضرورت ہے اور ہمارا دشمن جان لے ہم کٹ مریں گے لیکن ایک ایک انچ کادفاع کریں گے۔ ہم اس جنگ کو جو ہم پر مسلط کی گئی ہے اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور ہم نے بہت’’ ڈو مور‘‘ کرلیا اب دنیا ’’ڈو مور‘‘ کرے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ سے امداد نہیں عزت اوراعتماد چاہئے ۔دشمن سی پیک کو نشانہ بنانا چاہتا ہے۔دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے کچھ نہیں کیا تو کسی نے بھی کچھ نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کی جنگ پاکستان میں نہیں لڑی جا سکتی۔اداروں کا احترام ضروری ہے ۔آئین ، قانون جمہوریت کی مضبوطی ہی ہماری مضبوطی ہے ۔طاقت کا سر چشمہ نوجوان ہیں ۔پاکستان کی باگ ڈور نوجوانوں کے ہاتھ میں ہو گی۔غیر ریاستی عناصر کا جہاد نہیں یہ فساد ہے۔جہاد صرف ریاست کا حق ہے ۔خصوصی تقریب یادگار شہدا راولپنڈی پر ہوئی جس میں شہدا کے اہل خانہ بھی شریک ہوئے۔تقریب میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے یادگار شہدا پر روایتی پریڈ کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پھول چڑھائے اور سلامی پیش کی۔تقریب میں سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، قائد حزب اختلاف خورشید شاہ، سینیٹر راجہ ظفرالحق، پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ، وزیر داخلہ احسن اقبال، وزیر خارجہ خواجہ آصف ، وزیر دفاع خرم دستگیر، ایئر چیف مارشل سہیل امان اور نیول چیف ایڈمرل ذکااللہ بھی شریک ہوئے۔

مزید : کراچی صفحہ اول