نیلم ویلی میں زیرتعمیرمنصوبوں پر کام کی رفتارتیز کی جائے،فاروق تبسم

نیلم ویلی میں زیرتعمیرمنصوبوں پر کام کی رفتارتیز کی جائے،فاروق تبسم

مظفرآباد(بیورورپورٹ)سیکرٹری سیرا سردار محمد فاروق تبسم نے نیلم ویلی کے دورہ کے دوران تعمیر نو پروگرام کے تحت زیر تعمیر منصوبوں پر کام کرنے والے ٹھیکیداروں کو ہدایت کی کہ موسم سرما کی آمد کو مدنظررکھتے ہوئے کام کی رفتار تیز کریں تاکہ منصوبوں کی تکمیل ممکن ہوسکے ،انہوں نے کہا کہ وادی نیلم کے عوام نے طویل عرصہ تک ہندوستانی گولہ باری کا جواں مردی سے مقابلہ کرتے ہوئے دفاع وطن کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں ،اور اس کے بعد زلزلہ کی قدرتی آفت نے یہاں کے عوام کو مشکلات سے دوچار کیا ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ اس خوبصورت وادی کے عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں۔سیکرٹری سیراسردارمحمدفاروق تبسم نے کہا کہ تعمیر نو منصوبوں پر کام کرنے والے جن ٹھیکیداروں کے بلات واجب الادا ہیں وہ اپنے بلات ڈسڑکٹ ری کنسٹرکشن یونٹ میں جمع کروائیں جائیں تاکہ بلات کی ادائیگی ممکن بنائی جاسکے۔اس موقع پروگرام منیجر ڈی آر یومظفرآباد بدرمنیر ، ایم اینڈ ای آفیسر مختار قریشی ودیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔سیکرٹری سیراسردارمحمدفاروق تبسم نے وادی نیلم میں بنیادی صحت مرکز میرپورہ ،گورنمنٹ گرلز مڈل سکول سالخلہ ،بنیادی صحت مرکز کیرن نیلم ، گرینڈ گودام اور انسپکٹر کوارٹردواریاں، ،گرینڈ گودام دودھنیال ، گرینڈ گودام دودھنیال ،گرینڈ گودام ہلمت ، گرینڈ گودام تاؤبٹ میں زلزلہ سے متاثرہ مختلف منصوبوں پر تعمیراتی کام کامعائنہ کیا ۔۔سیکرٹری سیرا سردارمحمد فاروق تبسم نے کہا کہ موسم سرما میں برف باری کے باعث سڑک بند ہونے اور دوردراز علاقوں میں مناسب خوارک کے ذخیرہ کے لئے غلہ ڈپو کی عمارات انتہائی اہمیت کی حامل ہے ان علاقوں میں زیر تعمیر منصوبوں پر تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے کام کی رفتار کو بڑھایا جائے تاکہ جلد از جلد یہ منصوبے مکمل ہوکر متعلقہ محکموں کے سپرد کئے جاسکیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر