پاک فوج نے وطن کے دفاع میں بے مثال قربانیاں دیں،فائزہ احسن
مظفرآباد( بیورورپورٹ)مسلم لیگ ن کی خاتون رکن اسمبلی فائزہ احسن چوہدری نے جنگ ستمبر کے شہیدوں اور غازی کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کی تاریخ جرأت ، بہادری ،فرض شناسی اور شہادت کی بے مثال قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ستمبر1965کی جنگ دراصل ایک چیلنج تھی جس کو قوم نے قبول کیا اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر اپنے سے کئی گنا بڑی طاقت کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنایا، تاریخ کے مطالعہ سے یہ حقیقت روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ جنگ ستمبر میں پاکستان کے غیور جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیئے لیکن ظلم و جبر اور بربریت کے سامنے سر نہیں جھکائے۔ 6 ستمبر 1965 ہماری عسکری تاریخ کا انتہائی اہم ترین دن ہے۔ اس دن بہادر پاکستانی شہریوں نے اپنی مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کا بے مثال مظاہرہ کیا اور یہ جنگ پاکستانی اور مسلح افواج کی وہ مشترکہ جدوجہد تھی جو آنیوالی نسلوں کے لیئے مشعل را ہے۔ گزشتہ روز یوم دفاع پاکستان کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فائزہ احسن چوہدری کا کہنا تھا کہ پاک دھرتی کا ایک ایک ذرہ شاہد ہے کہ کس طرح ہمارے فوجی جوان سفاک دشمن کے اتنے بڑے لشکر کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے ، ملک سے دہشتگردوں اور دہشتگردی کیخلاف افواج پاکستان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ، جس طرح ستمبر کی جنگ میں بہاد ر افواج نے دشمن کو وہ عبرتناک انجام تک پہنچایا جو رہتی دنیا تک یاد رکھے گا اسی طرح اگر دشمن نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے بھی دیکھا تو پاکستان و کشمیر کی عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ ستمبر 65 ء کی تاریخ دہرا دینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، مضبوط و مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے ۔ یوم دفاع پاکستان کے موقع پر ستمبر 1965 کے شہداء اور غازی کو سلام پیش کرتے ہوئے اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ پوری کشمیری قوم اپنے وطن پاکستان کے دفاع کیلئے ہمیشہ کی طرح حاضر ہے ، ملک کا دفاع اور کشمیر کی آزادی ہمارا نصب العین ہے۔ دشمن کی کسی بھی سازش کو ہمت ، جرأت اور استقلال کیساتھ ناکام بنا کر دم لیں گے۔