برما کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آج کشمیر بھرمیں وکلاء ہڑتال کرینگے،شوکت علی کیانی
مظفرآباد(بیورورپورٹ)برما کے مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف آزاد جموں وکشمیر بار کونسل کی کال پر آج آزادکشمیر بھر کی بار ایسوسی ایشن کے وکلاء ہڑتال کرینگے اور عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کرینگے ۔جلسے ،جلوس اور ریلیاں منعقد کرینگے ۔عالمی برادری مسلمانوں کے حوالہ سے دوہرا معیار ختم کرے ۔برما کے مسلمانوں کا قتل عام بند کیا جائے ۔اقوام متحدہ سلامتی کونسل اور او آئی سی کی مجرمانہ خاموشی عالمی امن کیلئے خطرہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار آزاد جموں وکشمیر بارکونسل کے وائس چےئرمین شوکت علی کیانی نے اپنے ایک بیان میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں برما کے مسلمانوں کے قتل عام اور گھروں سے بے دخل کرنے سے روکے ۔انہوں نے بار کونسل کے وکلاء سے اپیل کی کہ برما کے مسلمانوں کے قتل عام کے حوالہ سے جلسے ،جلوس اور ریلیاں منعقد کریں ۔برما کے مسلمانوں کی نسل کشی اقوام عالم کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔اقوام عالم کی مجرمانہ خاموشی پر سوالیہ نشان ہے ۔