عزیزبھٹی نے اپنا آج پاکستان کے کل پر قربان کیا ، زینت عزیز بھٹی

عزیزبھٹی نے اپنا آج پاکستان کے کل پر قربان کیا ، زینت عزیز بھٹی

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)میجر عزیز بھٹی( نشان حیدر) کی صاحبزادی زینت عزیز بھٹی اور داماد ڈاکٹر اظہار خان نے بدھ کے روز بتایا کہ میجر عزیز بھٹی کے خاندان کا حصہ ہونا ہماری لیے قابل فخر ہے بے شک میجر عزیزبھٹی نے اپنا آج پاکستان کے کل کیلئے قربان کیا ہے اور ہمیں عزیز بھٹی کی قربانی پر فخر ہے ۔ وہ میجر عزیز بھٹی کے مزار پر گفتگو کر رہے تھے۔ مزار پر پاک فوج کے افسران اور پاکستان ٹورازم کارپوریشن کے چیئرمین چوہدری عبدالغفور نے بھی حاضری دی ، پاک فوج کے افسران نے میجر عزیز بھٹی شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ ڈاکٹر اظہار خان نے اس موقع پر مزید بتایا کہ میجر عزیز بھٹی ملک اور قوم کے محسن ہیں اور ایک ہی خاندان میں دو نشان حیدر اور ایک آرمی چیف ہونا بھی عزیز بھٹی خاندان کا ایک منفرد اعزاز ہے ۔ ڈاکٹر اظہار خان نے مزید بتایا کہ میجر عزیز بھٹی پاک فوج کی تاریخ کے منفرد کیڈٹ بھی ہیں جنہوں نے اعلیٰ تعلیمی کارکردگی پر سونے کا تمغہ اور ٹریننگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر اعزازی تلوار شہید ملت وزیراعظم خان لیاقت علی خان سے حاصل کی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر