کراچی ،اے پی ایم ایل کا یوم دفاع پر تقریب کا انعقاد

کراچی ،اے پی ایم ایل کا یوم دفاع پر تقریب کا انعقاد

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل ) کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے پارٹی سیکرٹریٹ بہادرآباد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔اس موقع پر وطن عزیز کی ترقی، خوشحالی، ملکی سلامتی اور استحکام اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے دعا ئیں اور دفاع وطن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے شہداکو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے پی ایم ایل کراچی ڈویژن کے صدر احمد حسین نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے شہدا کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں ۔پاک افواج کو پوری قوم کو فخر ہے جنہوں نے ہر مشکل وقت میں مادر وطن کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی دیوار کا کردارادا کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اے پی ایم ایل کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے بھی 1965کی جنگ میں اپنی بہادری کا لوہا منوایا اور اب ان کی قیادت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے جدوجہد جاری ہے ۔پرویز مشرف فوجی کمانڈو ہیں ان کو مقدمات کے ذریعہ ڈرایا نہیں جاسکتا ہے،وہ جلد وطن واپس آکر ملک کی سیاست میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔احمد حسین نے کہا کہ اے پی ایم ایل تیزی کے ساتھ ملک بھر میں اپنی جڑیں مضبوط کررہی ہے ۔آنے والے انتخابات میں کراچی سمیت پورے ملک سے انتخابی نتائج ہمارے مخالفین کے لیے سرپرائز ہوں گے ۔احمد حسین نے کہا کہ عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں ضلع وسطی کے جلسہ عام کی تیاریاں جاری ہیں ۔جناح گراؤنڈ عزیز آباد یا انو بھائی پارک ناظم آباد میں ہونے والا جلسہ کراچی کی سیاسی تاریخ تبدیل کردے گا ۔ضلع وسطی کے کارکن جلسے کی بھرپور تیاری کریں اور گھر گھر جاکر جنرل(ر) پرویز مشرف کا پاکستانیت کا پیغام لوگوں تک پہنچائیں ۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے دور حکومت میں کراچی نے مثالی ترقی کی ۔اس وقت ہونے والے ترقیاتی کاموں کے ہمارے مخالفین بھی معترف ہیں ۔اسی جذبہ کے ساتھ اے پی ایم ایل شہر کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی ۔مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی بڑی تعداد اے پی ایم ایل میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی میں اے پی ایم ایل کا سورج طلوع ہونے والا ہے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر